ابوظہبی (جانب منزل نیوز)ابوظہبی اگلے ہفتے دنیا بھر کے میڈیا کی میزبانی کرے گا۔ نائب وزیر اعظم اور صدارتی عدالت کے وزیرعزت مآب شیخ منصور بن زاید آل نہیان کی زیرسرپرستی ، گلوبل میڈیا کانگریس کے پہلے ایڈیشن میں دنیابھر سے رہنماؤں، دانشوروں ماہرین، اور میڈیا ماہرین کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔
ایدنیک گروپ اور امارات نیوز ایجنسی (وام) کے اشتراک سے منعقد ہونے والی کانگریس میں میڈیا انڈسٹری کے شعبے سے متعلق نمائش اور خصوصی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس ایونٹ کا مقصد انسانیت کی خدمت ، خوشی کو یقینی بنانا اور ٹھوس اور قابل اعتماد مواد کے ذریعے معاشروں کو ترقی دینا ہے ۔ کانگریس شراکت داری اور میکانزم کو فروغ میں تعاون کے طریقوں پر تبادلہ خیال کا مواقع فراہم کرے گی۔
گلوبل میڈیا کانگریس میں 6 براعظموں سے 1200 سے زائد میڈیا ماہرین اور اہم شخصیات شرکت کریں گی ۔ 3 دن جاری رہنے والے ایونٹ میں 162 سے زیادہ عالمی سطح کے مقررین کی شرکت کے ساتھ 30 سے زیادہ مباحثے اور ورکشاپس ہوں گی۔نمائش میں 29 ممالک کے 170 سے زیادہ ممتاز میڈیا ادارے اور کمپنیاں بھی شرکت کر رہی ہیں۔
اس ایونٹ میں گلوبل بایئرز پروگرام کا انعقاد بھی شامل ہے اور دنیا بھر سے میڈیا شعبہ کے خریداروں اور سپلائرز کے ساتھ بہترین ٹیکنالوجیز، خدمات کی نمائش کی جائے گی۔
کانگریس میں لائیو شوز، ینگ میڈیا کو بااختیار بنانے کے لیے گلوبل پروگرام، فیوچر میڈیا لیب، انوویشن پلیٹ فارم اور گلوبل بائرز پروگرام کے ساتھ ساتھ رواداری کی ثقافت کے حوالے سے میڈیا کے کردار پر خصوصی نشست بھی شامل ہے۔
اپنی نوعیت کی اس پہلی گلوبل کانگریس میں فیصلہ ساز، مفکر اور حکام اظہار خیال کریں گے جن میں یو اے ای کی وزیر مملکت برائے امور نوجوانان شما بنت سهيل بن فارس المزروعی،بحرین کے وزیر برائے امور اطلاعات رمضان بن عبداللہ النعیمی،زمبابوے کی وزیر اطلاعات، تشہیر و نشریات مونیکا متسوانگوا،ڈائریکٹر جنرل گورنمنٹ آف دبئی میڈیا آفس منى غانم المری،ہندوستان کی وزارت اطلاعات و نشریات کی سیکرٹری اپوروا چندرااور فرانس سے یورونیوز نیٹ ورک کے چیئرمین مائیکل پیٹرزشامل ہیں۔
مقررین میں سعودی عرب کے شہر نیوم کے ڈیجیٹل میڈیا، ثقافت و فیشن کے سی ای او وین برگ ،سوئٹزرلینڈ میں ورلڈ اکنامک فورم کے ڈائریکٹر جنرل اور عوامی اور سماجی مشغولیت کے سربراہ ایڈریان مونک،ویٹیکن کے شعبہ ابلاغیات کے ڈین ڈاکٹر پاولو رفینی،امارات اتصالات گروپ کے سی ای او مسعود شریف محمود اور یو اے ای میں سی این این کی نائب صدر اور سی این این عربی کی ایڈیٹر انچیف کیرولین فراگ بھی شامل ہیں۔
گلوبل میڈیا کانگریس میں شریک میڈیا اداروں کے لیے میٹنگز اور فورمز کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ کانگریس میں التحاد اخبار کے تعاون سے “ڈیجیٹائزیشن کے دور میں قومی میڈیا” کے عنوان سے فورم کا اہتمام کیا گیا ہے، جس میں میڈیا ماہرین اور محققین شرکت کریں گے۔
امارات نیوز ایجنسی (وام) کے ڈائریکٹر جنرل اور گلوبل میڈیا کانگریس کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین محمد جلال الریسی نے کہا گلوبل میڈیا کانگریس میں وسیع پیمانے پر پروگرامز، ورکشاپس ، نمائشیں، اختراعی مرکز اور دیگر دلچسپ ایونٹ کیا انعقاد کیا جائے گا،اس میں اہم ترین مستقبل کی میڈیا لیب کا ایونٹ ہوگا۔ میڈیا لیبز پانچ سیشنز پر مشتمل ہوں گی جس میں میڈیا کی اعلیٰ شخصیات میڈیا انڈسٹری کو درپیش چیلنجز، میڈیا کے مستقبل، ٹیکنالوجی کے کردار اور اس شعبے میں سرمایہ کاری کے ابھرتے ہوئے ماڈلز پر بات کریں گی۔
ایدنیک گروپ کے کیپیٹل ایونٹس کے سی ای او سعید المنصوری نے کہا، گلوبل میڈیا کانگریس دیگر اہم تقریبات کے ساتھ ایک نیا اور اہم ایونٹ ہے جس کا اہتمام ایدنیک گروپ نے مستقبل کے امید افزا شعبوں میں قومی صنعتوں کو ترقی دینے کے لیے کیا ہے۔یہ کانفرنس میڈیا کے لیے انمول بصیرت پیش کرے گی اور مستقبل کی ترقی کے لیے مختلف علاقائی اور بین الاقوامی میڈیااداروں کے درمیان رائے اور مہارت کے تبادلے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔
ابوظہبی نیشنل ایگزیبیشن سنٹر کے چیف کمرشل آفیسر خلیفہ القبیسی نے کہا کہ انہیں اس تقریب کی میزبانی کرنے پر فخر ہے جو ہمارے شراکت داروں، نمائش کنندگان اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ پختہ وابستگی کے وژن کے مطابق ہے۔ہمارا مشن کاروباری اور تفریحی مسافروں کو ایک ساتھ لانا ہے تاکہ ابوظہبی کے لیے سماجی و اقتصادی فوائد حاصل کیے جاسکیں۔
15 سے 17 نومبر تک ہونے والی، گلوبل میڈیا کانگریس ، میڈیا اور پروڈکشن انڈسٹری کے 150 سے زیادہ برانڈز کی شرکت کے ساتھ، ایک عالمی معیار کا سٹیج ہوگی جہاں خریدار اور بیچنے والوں کو ملاقات کرنے ،ایک دوسرے سے سیکھنے ، نیٹ ورکنگ کرنے کاروبار کرنے اور نئی مصنوعات، سلیوشنز اور ٹیکنالوجیز کو دریافت کرنے کے مواقع ملیں گے۔کانگریس میں خطے اور دنیا کے میڈیا کے شعبے میں زبردست ترقی کے ناقابل فراموش مواقع فراہم کرے گی۔