اسلام آباد(جانب منزل نیوز)وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہاہے کہ عمران خان کو بارہا سیکیورٹی سخت کرنے کا کہا۔ انہیں سیکیورٹی دینا پنجاب حکومت کی ذمہ داری ہے۔انہیں چاہیے کہ اپنی سیکورٹی اور رویے پر نظرثانی کریں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر ماحول اچھا ہو تو عمران خان سے تعزیت کرنے جاسکتے ہیں لیکن کل جس طرح سے انہوں نے ہم پر الزام عائد کیا ہے اس موقع پر جانا مناسب نہیں، اس بارے میں تحقیق ہونی چاہیے اور تحقیق پنجاب حکومت کو کرنی چاہیے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ویڈیو لیک ہونے میں پولیس کی اپنی غفلت ہے، افسوس ناک بات یہ ہے کہ تھانہ معطل ہونے کے بعد بھی دوسری ویڈیو وائرل ہوئی، جب اس ملزم کی تفصیلات سامنے آئیں گی تو آپ حیران رہ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے تو کل بھی کہا تھا کہ کس سے ثالثی کریں ؟ ہمیں آگے سے گالیاں پڑتی ہیں، میں کوئی اسٹیٹمنٹ نہیں دینا چاہتا کیوں کہ معاملے کی تحقیقات چل رہی ہیں۔