اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر آباد میں فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعےکی فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو آئی جی پولیس اور چیف سیکرٹری پنجاب سےفوری رپورٹ طلب کرنےکی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت سکیورٹی اور تفتیش کے لیے پنجاب حکومت کی بھرپور مدد کرےگی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تشدد کی ہمارے ملک کی سیاست میں کوئی جگہ نہیں، عمران خان پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتا ہوں،
عمران خان پر فائرنگ کے واقعےکے بعد وزیراعظم نے اپنی پریس کانفرنس بھی منسوخ کردی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہےکہ وزیراعظم نے دورہ چین سے متعلق آج پریس کانفرنس کرنا تھی۔
خیال رہے کہ وزیر آباد میں لانگ مارچ کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان قاتلانہ حملے میں گولی لگنے سے زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق وزیر آباد میں اللہ والا چوک میں پی ٹی آئی کےاستقبالیہ کیمپ میں فائرنگ کی گئی جس سے علاقے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بھگدڑ مچ گئی جب کہ موقع پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے حملہ آور کو فوری طور پر حراست میں لے لیا۔