دبئی (جانب منزل نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن یواے ای کے صدر غلام مصطفی مغل اور جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ ن دبئی راجہ عابد حسین نے کہا ہے کہ عمران خان نے تحفے بیچے اور کرپٹ پریکٹس کے مرتکب ہوئے یہ الیکشن کمیشن کا متفقہ فیصلہ ہے۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد گنتی کے لوگ احتجاج کے لیے نکلے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان تشدد کرنے اسلام آباد آرہے ہیں۔ عمران خان نے ذاتی مقاصد کے لیے صوبائی اداروں کو استعمال کیا،عمران خان صرف اپنے آپ کو وزیراعظم کے لئے اہل سمجھتے ہیں۔ چار سال میں پرفارمنس زیرو ہے، آئی ایم ایف کی ڈیل انہوں نے کی، یہ شخص پاکستان کی سالمیت اور اداروں کے حوالے سے ایسی گفتگو کررہا ہے جو نارمل شخص نہیں کرسکتا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی نااہلی پر چھوٹی چھوٹی ریلیاں نکالی گئیں جن میں کہیں سو اور کہیں پچاس لوگ شامل تھے۔اسحاق ڈار صاحب آ گئے ہیں اور ڈالر کی قدر میں کمی ہو رہی ہے اس کے علاوہ یہ کرنا کیا چاہتا ہے چار سال میں معیشت کو تباہ کر دیا۔آئی ایم ایف سے انہوں نے معاہدہ کیا اور نااہل ہو گیا ہے اور یہ چاہتا ہے کہ نظام درہم برہم ہو اس کے منہ سے الفاظ نکلے ہیں کہ اگر میں اقتدار میں نہ آیا تو اس ملک کے تین ٹکڑے ہو جائیں گے۔