پیرس (جانب منزل نیوز) دہشت گردی اور منی لانڈرنگ کی مالی معاونت پر نظر رکھنے والے عالمی ادارے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال دیا۔
ایف اے ٹی ایف کا دو روزہ اہم اجلاس سنگاپور میں صدر فیٹف ٹی راجہ کمار کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس کے بعد فیٹف کے صدر نے کہا کہ پاکستان 2018 سے گرے لسٹ میں تھا۔ متعلقہ حکام نے تمام 34 نکات پر عمل درآمد کرلیا جس پر پاکستان کو اس پیش رفت پر خیرمقدم کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کی مانیٹرنگ میں رہے گا، پاکستان کو اینٹی منی لانڈرنگ اورٹیررفنانسنگ قانون پرمزید عمل درآمد کی ضرورت ہے۔ یوکرین جنگ کی وجہ سے روس کی فیٹف رکنیت معطل کر دی گئی ہے۔ کانگو، موزمبیق اور تنزانیہ کو گرے لسٹ میں شامل کیا جارہا ہے۔
وزارت خزانہ ذرائع نے بتایا کہ فیٹف اجلاس میں ایکشن پلان پر عملدرآمد بارے پیش کی جانے والی رپورٹس اور فیٹف ٹیم کے دورہ پاکستان کی رپورٹ پیش کی گئیں۔ رپورٹس کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد انہیں تسلی بخش قرار دیا گیا اور پاکستان کا نام گرے لسٹ سے ہٹانے کی منظوری دی گئی۔