اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے ضمنی انتخابات کے چھ حلقوں میں فتح حاصل کرکے پاکستان کی سیاست میں تاریخ رقم کردی ہے اور وہ سب سے زیادہ حلقوں میں بیک وقت جیتنے والے امیدوار بن گئے ہیں۔
پاکستان کے تین صوبوں سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے قومی اسمبلی کے 8 اور صوبائی کے تین حلقوں ضمنی انتخابات کا انعقاد ہوا۔ اب تک کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے 6 نشستیں جیت لیں جبکہ پیپلزپارٹی نے ملیر اور ملتان میں کامیابی حاصل کی ہے۔
قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں صبح 8 بجے سے بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک پولنگ جاری رہی۔قومی اسمبلی کی 8 میں سے 7 نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا دیگر امیدواروں سے مقابلہ رہا۔
عمران خان نے پشاور کی نشست جیت لی اور اے این پی امیدوار غلام احمد بلور کو شکست دی۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے پشاور کے بعد مردان کا میدان بھی مار لیا۔ یہاں جمعیت علمائے اسلام کے محمد قاسم دوسرے نمبر پر رہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ایمل ولی خان کو بھی شکست دی۔ این اے 24 چارسدہ میں عمران خان کامیاب رہے۔
فیصل آباد میں عمران خان نے مسلم لیگ (ن) کے عابد شیر علی کو ہرایا۔ این اے 118 ننکانہ صاحب میں بھی عمران خان کامیاب ٹھہرے۔یہاں پاکستان مسلم لیگ ن کی شذرہ منصب علی کو شکست ہوئی۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کراچی میں کورنگی کی نشست بھی جیت لی۔ متحدہ قومی موومنٹ کے سید نیر دوسرے نمبر پر رہے۔
عمران خان این اے 237 ملیر میں پیپلزپارٹی کے امیدوار عبدالحکیم بلوچ سے ہار گئے۔ اس کے علاوہ شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی کی ملتان سے خالی کردہ نشست این اے 157 پر بھی پی ٹی آئی کو شکست ہوئی۔موسی گیلانی نے مہر بانو کو شکست دی۔
پنجاب اسمبلی کی 3 نشستوں میں سے 2 پی ٹی آئی لے اُڑی۔ پی پی 209 خانیوال کی نشست پی ٹی آئی کے محمد فیصل خان نیازی کامیاب ہوئے۔ ن لیگ کے چوہدری ضیا الرحمان ہار گئے۔ بہاولنگر کی سیٹ بھی تحریک انصاف نے حاصل کی۔ پاکستان تحریک انصاف کے ملک محمد مظفر خان نے پاکستان مسلم لیگ ن کے امان اللہ ستارکو شکست دی۔
شیخورپورہ کی نشست ن لیگ کے حصے میں آئی اور ن لیگ کے چوہدری افتخار احمد بھنگو نے پاکستان تحریک انصاف کے محمد ابوبکر کو شکست سے دوچار کیا۔