دبئی(جانب منزل نیوز) وزارت صحت نے صارفین کی آسانی کے لئے اپنی تمام ایپلی کیشنز کو ملا کر ایک جدید ترین سمارٹ، سادہ اور صارف دوست ایپ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے اس نئی ایپ کا اجرا دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں 10 سے 14 اکتوبر تک جاری رہنے والی GITEX ٹیکنالوجی ویک میں شرکت کے موقع پر کیا گیا۔
اپ ڈیٹ کردہ ایپ وزارت کی آن لائن خدمات تک آسان اور فوری رسائی فراہم کرتی ہے۔ اس ایپ کو صارفین کو مزید سہولیات فراہم کرنے اور ڈیجیٹل خدمات کے استعمال کو بڑھانے کے لیے جدید ترین تکنیکوں کے مطابق دوبارہ ڈیزائن کیا گیا ہے۔
دو زبانوں پر مشتمل اس ایپ (A-E) کے ذریعے صارفین سروس سنٹرز جائے بغیر اپنی درخواستوں پر پیش رفت کے بارے جان سکتے ہیں۔ یہ ایپ اب ایک تعلیمی ٹول کے طور پر بھی کام کرتی ہے اور صحت سے متعلق آگاہی بڑھانے کے لیے صحت کے مختلف موضوعات پر قیمتی معلومات فراہم کرے گی۔
اس نئی ایپ سیصارفین کو وزارت صحت کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور دیگر سروس چینلز بشمول لائیو چیٹ ”Chatbot” تک رسائی حاصل ہوگی۔
سپورٹ سروسز شعبے کے اسسٹنٹ انڈر سیکرٹری احمد علی الدشتی نے کہا کہ وزارت صحت صارفین کیلئے سہولتوں کو بہتر بنانے، اسٹریٹجک پارٹنرشپ کی تعمیر اور ہماری سمارٹ خدمات کو استعمال کرنے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کے ذریعے ان کی خوشی یقینی بنانے پر پوری توجہ دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنی تمام خدمات معیار، کارکردگی اور شفافیت کے اعلیٰ ترین معیارات کے مطابق فراہم کرتے رہیں گے۔ وزارت کی اس حکمت عملی کا مقصد صارفین کیاطمینان کو بڑھانا اور سمارٹ حکومت کے مقاصد پورا کرنا ہے۔