دبئی (جانب منزل نیوز) یواے ای میں مقیم پاکستانی خواتین نے دبئی میں جشن میلاد النبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جس کا اہتمام سیاسی و سماجی شخصیت عائشہ منیر ہانس اور میاں منیر ہانس نے اپنی رہائش گاہ پر کیا۔
عید میلاد النبی ﷺ کی با برکت تقریب میں ثروت عبدالرزاق اے آر وائی، نور الصباح، فرزانہ چغتائی، راحیلہ رضا، فرزانہ منصور، نجمہ جیلانی، سبین شفیق، رابعہ عامر، شیزا ظفر، ثروت زہرہ، ثمینہ میر، نجمہ احسان، طاہرہ مغل، مسز نورین، عمامہ فخر، عبدالرحمان رضا، فخر صدیقی، ظفر محمود اور دیگر خواتین و حضرات نے شرکت کی۔
پاکستان کے معروف سنگرعدیل برکی اور عاصمہ فاطمہ نے نعتیہ کلام سنایا اورعید میلاد النبی ﷺ کی روحانی محفل کا سماں باندھ دیا۔ نظامت محمد اکرم شہزاد نے کی اور عید میلاد النبی ﷺ کی اہمیت و فضیلت کے بارے میں سیر حاصل تقریر کی۔
دیگر مقررین نے کہا کہ آپ ﷺ کی ولادت، آپ ﷺ کا بچپن، آپ ﷺ کا شباب، آپ ﷺ کی بعثت، آپ ﷺ کی دعوت، آپ ﷺ کا جہاد،آپ ﷺ کی عبادت ونماز، آپ ﷺ کے اخلاق، آپ ﷺ کی صورت وسیرت، آپ ﷺ کا زہدو تقوی، آپ ﷺ کی صلح وجنگ، خفگی و غصہ، رحمت و شفقت، تبسم و مسکراہٹ، آپ ﷺ کا اٹھنا بیٹھنا، چلنا پھرنا، سونا جاگنا، الغرض آپ ﷺ کی ایک ایک ادا اور ایک ایک حرکت و سکون امت کے لیے اسوہ حسنہ اور اکسیر ہدایت ہے۔
محتاجوں،غریبوں، یتیموں اور ضرورت مندوں کی مدد، معاونت، حاجت روائی اور دلجوئی کرنا دین اسلام کا بنیادی درس ہے۔ انسانیت کی مدد اوراللہ کی مخلوق کے کام آنا نبی کریم ؐﷺ کے اخلاق کی روشن تعلیمات میں سے ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم آپ ﷺ کے اسوہ حسنہ اور سیرت کو اپناتے ہوئے دنیا و آخرت میں کامیابیاں حاصل کریں۔ محفل میلاد میں ملک و قوم اور امارات کی ترقی و خوش حالی کیلئے اجتماعی دعا کی گئی۔