اسلام آباد (جانب منزل نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستا ن متحدہ عرب امارات کے ساتھ مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے متحدہ عرب امارات کے برادر عوام کی ترقی اورخوشحالی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر پاکستان بھر میں حالیہ سیلاب سے شدید تباہی کا ذکر کیا اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے امداد پر شکریہ ادا کیا۔شہبازشریف نے متحدہ عرب امارات کی طرف سے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی اور فضائی راہداری کے قیام پر شکریہ ادا کیا۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے قریبی تعلقات گزشتہ پانچ دہائیوں پر محیط ہیں جن کی بنیادیں مضبوط عقائد، مشترکہ اقدار اور ثقافت پر قائم ہیں۔متحدہ عرب امارات مشرق وسطیٰ میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور سرمایہ کاری کا اہم ذریعہ ہے۔