لندن (جانب منزل نیوز) سینئر پاکستانی صحافی، سیاسی تجزیہ کار اور مبصر اظہر جاوید پاکستان پریس کلب یوکے کے چیئرمین منتخب ہوگئے۔ ان کا انتخاب پاکستان پریس کلب یوکے اور پاکستان پریس کلب یوکے انٹرنیشنل کے اتحاد کے بعد عمل میں آیا، جسے برطانیہ میں پاکستانی صحافیوں کے اتحاد اور تنظیمی استحکام کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستان میں تعینات برطانیہ کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے پاکستان ہائی کمیشن لندن میں اظہر جاوید کی قیادت میں آنے والے صحافیوں کے وفد کا استقبال کیا۔ ملاقات میں لندن، برمنگھم، مانچسٹر، بریڈفورڈ اور شیفیلڈ سمیت برطانیہ کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے صحافی نمائندوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر ٹیپو عثمان اور پاکستان پریس کلب یوکے کے صدر ارشد ریچل نے اظہر جاوید کو چیئرمین منتخب ہونے کا باضابطہ نوٹیفکیشن پیش کیا۔
اظہر جاوید تین دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط صحافتی تجربے کے حامل ہیں۔ وہ لندن میں مقیم سینئر صحافی ہونے کے ساتھ ساتھ سیاسی تجزیہ کار اور مبصر کی حیثیت سے بھی پہچان رکھتے ہیں۔ اپنے صحافتی کیریئر کے دوران پاکستان کے بڑے نیوز اداروں میں خدمات انجام دینے کے علاوہ بین الاقوامی نیوز آپریشنز کی سربراہی بھی کر چکے ہیں۔
ملاقات کے دوران برطانوی ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی، بالخصوص نوجوان نسل کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے برطانیہ بھر میں پاکستانی شہریوں کی سہولت اور معاونت کے لیے پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے کیے جانے والے مختلف اقدامات سے بھی وفد کو آگاہ کیا۔
اظہر جاوید نے چیئرمین منتخب ہونے پر اپنے صحافی ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ بیرون ملک پاکستانی صحافیوں کی فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ حقوق کے تحفظ، صحافتی اتحاد اور عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔





