دبئی (جانب منزل نیوز) دبئی نے بارشوں سے نمٹنے اور شہری انفراسٹرکچر کو مزید مستحکم بنانے کے لیے نکاسیٔ آب کے جدید منصوبے میں اہم سنگِ میل عبور کرلیا۔ دبئی میونسپلٹی کے مطابق 10.3 کلومیٹر طویل ڈیپ ٹنل ڈرینیج منصوبہ زمین سے 40 سے 60 میٹر گہرائی میں تعمیر کیا گیا ہے، جو شہر کے وسیع علاقے میں بارش کے پانی کی نکاسی کو مؤثر بنائے گا۔
منصوبے کی سرنگ کا اندرونی قطر 10 میٹر ہے اور یہ تقریباً 500 مربع کلومیٹر رقبے میں نکاسیٔ آب کی سہولت فراہم کرے گی۔ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ یہ نظام شدید بارشوں کے دوران پانی جمع ہونے کے امکانات کم کرنے اور شہری علاقوں کو تحفظ فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
منصوبے میں چار بڑے پمپ نصب کیے گئے ہیں، جو مجموعی طور پر فی سیکنڈ 36 کیوبک میٹر پانی خارج کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ یہ جدید پمپنگ سسٹم بارش کے پانی کی تیز رفتار نکاسی اور نظام کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
جبل علی، ایکسپو 2020 کا علاقہ، دبئی ساؤتھ کا رہائشی ضلع اور المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ سٹی سمیت کئی اہم علاقے اس منصوبے سے مستفید ہوں گے۔
دبئی میونسپلٹی کے مطابق یہ منصوبہ پائیدار ترقی اور جدید شہری منصوبہ بندی کا حصہ ہے، جس کے ذریعے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے، بارشوں کے دوران شہری سہولتوں کو برقرار رکھنے اور مستقبل کی بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات پوری کرنے پر توجہ دی جارہی ہے۔





