برسلز:یورپی سائنسدانوں نے کہا ہے کہ مغربی یورپ نے اپنی تاریخ کا سب سے گرم جون کا مہینہ ریکارڈ کیا۔ جون کے اختتام پر آنے والی شدید گرمی کی لہر نے درجہ حرارت کے کئی ریکارڈ توڑ دیئے، بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی اور متعدد سکول بند کرنا پڑے۔
یورپی یونین کی کوپرنیکس کلائمیٹ چینج سروس (C3S) کے ماہانہ بلیٹن کے حوالے سے بتایا ہے کہ جون 2026 دنیا بھر میں ریکارڈ ہونے والا دوسرا گرم ترین جون بھی تھا جبکہ سمندروں کی سطح کا اوسط درجہ حرارت بھی جون میں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق مغربی یورپ میں جون 2026 میں اوسط درجہ حرارت 20.74 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، جو 1991 سے 2020 کے دوران جون کے اوسط درجہ حرارت سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ تھا۔ یورپی سینٹر فار میڈیم رینج ویدر فورکاسٹس میں سٹریٹجک لیڈ سمانتھا برجیس نے کہا کہ جون 2026 نے واضح کر دیا کہ موسمیاتی تبدیلی کتنی شدت سے اثر انداز ہو رہی ہےاس کے نتیجے میں ہیٹ ویوز ، مسلسل گرم سمندر اور یورپ سمیت دیگر علاقوں میں انسانوں، ماحولیاتی نظام اور بنیادی ڈھانچے کے لیے بڑھتے ہوئے خطرات سامنے آ رہے ہیں۔
قومی حکام کے مطابق جون کی شدید گرمی کے دوران فرانس، بیلجیم، سپین اور نیدرلینڈز میں 4,700 سے زائد اضافی اموات ریکارڈ کی گئیں جبکہ دیگر ممالک میں بھی یہ تعداد زیادہ ہونے کا امکان ہے۔ شدید گرمی نے آئیبیریا اور فرانس میں جنگلات میں آگ کو بھڑکانے اور خشک سالی کی صورتحال کو مزید سنگین بنانے میں بھی کردار ادا کیا۔