صفحہ اول - اردوJM
بدھ 08 جولائی 2026ء
اوورسیز پاکستانیز

بارسلونا: تمغۂ امتیاز یافتہ چوہدری امانت حسین مہر کے اعزاز میں فرینڈز آف پاکستان کے زیرِ اہتمام پروقار عشائیہ

بدھ 08 جولائی 2026ء


بارسلونا:  تمغۂ امتیاز یافتہ چوہدری امانت حسین مہر کے اعزاز میں فرینڈز آف پاکستان کے زیرِ اہتمام پروقار عشائیہ

بارسلونا (نمائندہ خصوصی) حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغۂ امتیاز سے نوازے جانے پر ممتاز سماجی و کاروباری شخصیت چوہدری امانت حسین مہر کے اعزاز میں فرینڈز آف پاکستان کے پلیٹ فارم سے ایک پروقار اور پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کا انعقاد حافظ عبدالرزاق صادق، قاضی احسان الحق اور چوہدری شعیب تارڑ نے کیا، جبکہ تقریب کی صدارت پاکستان کے قونصل جنرل مراد علی وزیر نے کی۔


تقریب میں ہسپانوی حکام خوسے ماریا سالہ، روسیو ماتیو اور پاؤ ہیریرا سمیت پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ شرکاء میں ویلفیئر اتاشی چوہدری سالک گوندل، چوہدری شعیب ورک، چوہدری اشفاق باغانوالا، چوہدری بلال باسط، چوہدری سلامت حسین مہر، چوہدری تبریز بوگا، چوہدری افضال مہر، چوہدری بلال سرور، چوہدری خاور دھوتھڑ، راجہ شفیق کیانی، طاہر رفیع، چوہدری شاہد لطیف گجر، سید شیراز شاہ، چوہدری شہباز کٹھانہ، ملک شریف، چوہدری عاصم گوندل، محمد ایاز عباسی، جاوید مغل، چوہدری عمران اختر، چوہدری ارشد بوگا، چوہدری یاسر ریحانیہ، راجہ ساجد حسین، راجو الیگزینڈر، محمد اشرف مغل، چوہدری منشا اقبال، پروفیسر طاہر عظیم اور کمیونٹی کے دیگر معززین کی کثیر تعداد شامل تھی۔


تقریب کی نظامت راجہ ضیاء صدیق نے نہایت شائستگی اور عمدہ انداز میں انجام دی، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔


صدرِ تقریب قونصل جنرل مراد علی وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ حافظ عبدالرزاق صادق حقیقی معنوں میں پاکستانی کمیونٹی اور ہسپانوی اداروں کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کے اتحاد، مثبت تشخص کے فروغ اور پاک۔اسپین تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے فرینڈز آف پاکستان کے پلیٹ فارم سے اس شاندار تقریب کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد بھی پیش کی۔


اس موقع پر حافظ عبدالرزاق صادق نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے کہا کہ فرینڈز آف پاکستان کا مقصد اسپین میں مقیم پاکستانیوں کو ایک مضبوط پلیٹ فارم پر متحد کرنا، باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینا اور پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری امانت حسین مہر کی قومی، سماجی اور فلاحی خدمات کے اعتراف میں یہ تقریب منعقد کی گئی ہے، جو پوری پاکستانی کمیونٹی کے لیے باعثِ فخر ہے۔


مہمانِ اعزاز چوہدری امانت حسین مہر نے اپنے اعزاز میں منعقد کی گئی یادگار تقریب پر میزبانوں، قونصل جنرل، معزز مہمانوں اور شرکاء کا دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تمغۂ امتیاز ان کے لیے ایک قومی اعزاز کے ساتھ ساتھ مزید ذمہ داری کا احساس بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی پاکستان اور اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کی خدمت کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔


تقریب کے دوران ہسپانوی مہمانوں کو پاکستان کی ثقافت کی علامت اجرک پہنائی گئی، جبکہ چوہدری امانت حسین مہر اور قونصل جنرل مراد علی وزیر کو ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔ بعد ازاں شرکاء کی پرتکلف عشائیے سے تواضع کی گئی۔ تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جہاں شرکاء نے چوہدری امانت حسین مہر کو تمغۂ امتیاز ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا