صفحہ اول - اردوJM
جمعہ 03 جولائی 2026ء
متحدہ عرب امارات

انگلش لینگویج پرائیویٹ اسکول میں اے لیول گریجویشن تقریب، کامیاب طلبہ کو خراج تحسین

جمعہ 03 جولائی 2026ء


انگلش لینگویج پرائیویٹ اسکول میں اے لیول گریجویشن تقریب، کامیاب طلبہ کو خراج تحسین


دبئی (جانب منزل نیوز) انگلش لینگویج پرائیویٹ اسکول کے زیرِ اہتمام اے لیول گریجویٹنگ کلاس 2026 کے اعزاز میں پاکستان ایجوکیشن اکیڈمی آڈیٹوریم میں ایک پروقار اور یادگار گریجویشن تقریب منعقد ہوئی، جہاں طلبہ و طالبات کی تعلیمی کامیابیوں کو شاندار انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

 تقریب کی میزبانی اسکول کے پرنسپل محمد عاطف نے کی، جبکہ وائس پرنسپل جسپال اور ہیڈ آف سیکشن (اے لیول) عقیل احمد نے آرگنائزنگ کمیٹی کے ہمراہ تقریب کے کامیاب انعقاد اور بہترین انتظامات میں نمایاں کردار ادا کیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان ایجوکیشنل اینڈ کلچرل بورڈ کے چیئرمین حسن ابراہیم ہوکل تھے، جبکہ وائس چیئرمین محمد راشد اشرف اور پرنسپل پاکستان ایجوکشن اکیڈمی شمائلہ احمد نے بھی خصوصی شرکت کی۔ 

اس موقع پر بورڈ آف گورنرز کے اراکین سمیت متعدد معزز شخصیات، اساتذہ، والدین اور کمیونٹی کے افراد بڑی تعداد میں موجود تھے، جنہوں نے گریجویٹ ہونے والے طلبہ کی اس اہم کامیابی کو سراہا۔ رنگا رنگ تقریب میں طلبہ و طالبات نے ملی نغمے، ثقافتی خاکے، ٹیبلو اور دیگر خوبصورت پرفارمنس پیش کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ بعد ازاں اے لیول مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات میں گریجویشن اسناد تقسیم کی گئیں اور ان کی نمایاں تعلیمی کارکردگی کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔ 

پرنسپل محمد عاطف نے کہا کہ اے لیول کی تکمیل ہر طالب علم کی تعلیمی زندگی کا ایک اہم مرحلہ ہے۔ ہمیں اپنے طلبہ کی کامیابیوں پر فخر ہے اور ہماری کوشش ہے کہ انہیں اعلیٰ معیار کی تعلیم کے ساتھ ایسی صلاحیتوں سے آراستہ کیا جائے جو انہیں مستقبل میں ہر میدان میں کامیابی دلائیں۔ مہمانِ خصوصی حسن ابراہیم ہوکل نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ کامیابی طلبہ کی محنت، اساتذہ کی لگن اور والدین کی مسلسل حوصلہ افزائی کا حسین امتزاج ہے۔ ایسے مواقع نوجوانوں کے اعتماد میں اضافہ کرتے ہیں اور انہیں اپنی آئندہ منزلوں کی جانب مزید عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ انگلش لینگویج پرائیویٹ اسکول معیاری تعلیم اور بہترین تربیت کے فروغ میں قابلِ قدر خدمات انجام دے رہا ہے۔

 تقریب کے اختتام پر مہمانوں نے اسکول انتظامیہ، تدریسی عملے اور والدین کی مشترکہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے گریجویٹ طلبہ کے روشن مستقبل، اعلیٰ تعلیم اور عملی زندگی میں مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ شرکاء نے تقریب کے شاندار انتظامات، باوقار ماحول اور طلبہ کی بہترین کارکردگی کو بے حد سراہا۔ وائس چیئرمین پاکستان ایجوکشنل اینڈ کلچرل بورڈ محمد راشداشرف نے بچوں مبارکباد دی اور ان کے والدین سے ملاقات کرکے اسکول کے تعلیمی معیار  اور ڈسپلن بارے گفتگو کی والدین نے دل کھول کر اسکول تعلیمی کارکردگی اور بچوں کی اخلاقی تربیت کی تعریف کی۔