پیر 15 ستمبر 2025ء
دبئی: (نمائندہ خصوصی) دبئی انویسٹمنٹس پی جے ایس سی (Dubai Investments PJSC) اپنی ذیلی کمپنی دبئی انویسٹمنٹس پارک ڈویلپمنٹ کمپنی (DIP) کو عوامی فہرست (IPO) میں شامل کرنے پر غور کر رہی ہے تاکہ شہر کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی جائیداد مارکیٹ سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔
کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد بن کلبان نے بلومبرگ کو دیے گئے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ ممکنہ طور پر 25 فیصد حصص کی فروخت فروری تک کی جا سکتی ہے۔ ان کے مطابق، حاصل شدہ سرمایہ مستقبل میں توسیعی منصوبوں اور دیگر پارکس کے قیام پر استعمال کیا جائے گا۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق، باخبر ذرائع نے عندیہ دیا ہے کہ اس ڈویلپمنٹ کی مالیت 8 سے 10 ارب درہم (2.2 سے 2.7 ارب ڈالر) کے درمیان ہو سکتی ہے، تاہم خالد بن کلبان نے اس تخمینے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔
کاروباری ماہرین کا کہنا ہے کہ دبئی میں جائیداد کی بڑھتی ہوئی طلب نہ صرف سرمایہ کاروں کے لیے نئے مواقع پیدا کر رہی ہے بلکہ نجی شعبے میں پائیدار ترقی کی راہ بھی ہموار کر رہی ہے۔