پیر 15 ستمبر 2025ء
دبئی:(نمائندہ خصوصی) سعودی عرب میں اندرونِ ملک فضائی سفر کے تجربات پہلے سے کہیں زیادہ بہتر ہو گئے ہیں۔ عالمی شہرت یافتہ ڈیجیٹل ایئرپورٹ سروسز فراہم کرنے والی کمپنی ڈریگن پاس (Dragonpass) کی تازہ رپورٹ کے مطابق مملکت میں گھریلو فضائی سفر میں صرف ایک سال کے دوران 126 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی شہری اور رہائشی نہ صرف زیادہ سفر کر رہے ہیں بلکہ ایئرپورٹ پر سہولتوں سے بھی بھرپور لطف اٹھا رہے ہیں۔ متعدد ایئرپورٹس پر پریمیئم لاؤنجز کے استعمال میں 270 فیصد سے زائد اضافہ دیکھا گیا ہے، جو مسافروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور پرتعیش سفری سہولتوں کے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں فضائی سفر کی بڑھتی ہوئی طلب مملکت کی تیز رفتار ترقی، سیاحت کے فروغ اور بہتر سہولتوں کی فراہمی کا واضح ثبوت ہے۔