پیر 15 ستمبر 2025ء
(نمائندہ خصوصی) آئندہ سال شیڈول ورلڈکپ کےلیے بھارتی کرکٹ بورڈ ایک بار پھر سے مہندر سنگھ دھونی کو مینٹور بنانے کی خواہشمند ہے، تاہم کیا بھارت کی چال اس بار بھی الٹی ہونے جارہی ہے اور پاکستان ایک بار 2021 کی طرح بھارت کو شکست دیگا، یہ سوال اپنی جگہ اہمیت کا حامل ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق بورڈ آف کرکٹ کنٹرول ان انڈیا نے ایک بار پھر ایم ایس دھونی سے بھارتی ٹیم کے مینٹور بننے کے لیے رابطہ کیا ہے۔
اس سے قبل سابق کپتان اور لیجنڈ کھلاڑی بھارتی ٹیم کے ساتھ یو اے ای میں 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بطور مینٹور کام کرچکے ہیں، تاہم اس ایونٹ میں بھارتی ٹیم کو پاکستان نے بدترین شکست دی تھی۔
آئی سی سی ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان نے روایتی حریف کو شکست دی تھی بلکہ بھارت کو دس وکٹوں سے ہرایا تھا جس میں بابراعظم اور محمد رضوان نے نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔
بلیو شرٹس کی پرفارمنس اتنی خراب تھی کہ وہ اس ایونٹ کے ناک آؤٹ مرحلے میں بھی جگہ بنانے میں ناکام رہی تھی۔
اب بھارتی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی، اگر ایک بار پھر سے دھونی 2021 کی طرح بھارتی ٹیم کے مینٹور مقرر ہوتے ہیں تو شائقین کےلیے کافی دلچسپی کا حامل ہوگا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے مداح یقیناً اس بات کے خواہشمند ہونگے کہ پاکستان ٹیم ایک بار پھر سے 2021 کی تاریخ دہرائے تاہم یہ فیصلہ میچ والے دن ہوگا، جس ٹیم کی پرفارمنس بہترین ہوگی جیت اسی کا مقدر ٹھہرے گی۔