جمعہ 04 جولائی 2025ء
ابو ظہبی (جانب منزل نیوز) ابوظہبی کے معروف اسپتال گروپ برجل ہولڈنگ اور ایمرجنسی میڈیکل سروس فراہم کرنے والی کمپنی ریسپانس پلس نے مشترکہ طور پر ایک نیا بین الاقوامی انعام ’’ہیومن انرجی ایوارڈ‘‘ متعارف کروا دیا ہے، جس کی مجموعی مالیت ایک ملین امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
یہ ایوارڈ دنیا بھر کی توانائی کے شعبے سے تعلق رکھنے والی کمپنیوں کو دیا جائے گا جو اپنے ملازمین کی جسمانی اور ذہنی صحت کی بہتری کے لیے مؤثر، قابلِ پیمائش اور جدید اقدامات متعارف کروائیں گی۔ ترجمان کے مطابق اس انعام کا مقصد کام کی جگہ پر ملازمین کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح بنانا اور توانائی کے شعبے میں کام کرنے والے افراد کی صحت کے لیے دیرپا مثبت تبدیلیاں لانا ہے۔
برجل ہولڈنگ اور ریسپانس پلس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ ایسی تنظیموں کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتے ہیں جو صحت عامہ کے فروغ اور ورک پلیس ویلفیئر کے لیے منفرد اور بامعنی حکمت عملی اپنائیں۔ ان اداروں کے مطابق ’’ہیومن انرجی ایوارڈ‘‘ کے ذریعے عالمی سطح پر کام کرنے والے لاکھوں توانائی ورکرز کی صحت اور کام کے ماحول کو محفوظ اور بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔