صفحہ اول - اردوJM
جمعہ 04 جولائی 2025ء
متحدہ عرب امارات

پاکستانی آموں کی خورفکان مینگو فیسٹول میں دھوم، پہلی بار شاندار شرکت کرکے میلہ لوٹ لیا ،حاضرین خوش ذائقہ اور خوشبودار پاکستانی آموں کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے

جمعہ 04 جولائی 2025ء


پاکستانی آموں کی خورفکان مینگو فیسٹول میں دھوم، پہلی بار شاندار شرکت کرکے میلہ لوٹ لیا ،حاضرین خوش ذائقہ اور خوشبودار پاکستانی آموں کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے

شارجہ (جانب منزل نیوز)متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ کے خوبصورت سیاحتی مقام خورفکان میں شارجہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام چوتھا سالانہ مینگو میلہ بھرپور انداز میں منعقد ہوا، جس میں پاکستان نے پہلی مرتبہ شرکت کر کے شاندار پزیرائی  حاصل کی۔ پاکستان کا اسٹال پاکستان بزنس کونسل شارجہ کے تعاون سے لگایا گیا، جس نے میلہ میں آنے والے مقامی و غیر ملکی مہمانوں کی خصوصی توجہ حاصل کی۔پاکستان نے پہلی بار شاندار شرکت کرکے میلہ لوٹ لیا ،حاضرین خوش ذائقہ اور خوشبودار پاکستانی آموں کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے جس نے کھایا واہ واہ کر اٹھا 

تین روزہ مینگو میلہ کا افتتاح شیخ سعید بن صقر القاسمی، وائس چیئرمین رولر آفس خورفکان نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی، شارجہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین عبداللہ سلطان العویس، قونصل جنرل پاکستان حسین محمد، کمرشل قونصلر علی زیب خان اور پاکستان بزنس کونسل شارجہ کے عہدیداران و ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔

افتتاح کے بعد معزز مہمانوں نے اسٹالز کا دورہ کیا۔ میلہ میں 200 سے زائد اسٹالز پر مقامی کاشتکاروں کے آم پیش کیے گئے، تاہم پاکستانی آموں کا ذائقہ، مٹھاس اور خوشبو سب کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ پاکستانی اسٹال پر سندھڑی، انور رٹول، دوسہری، چونسہ، لنگڑا سمیت آم کی متعدد اقسام رکھی گئیں، جبکہ دورہ کرنے والوں کو آم اور مینگو قلفی بھی پیش کی گئی جسے بے حد پسند کیا گیا۔

میلہ کے دوران ایک پروقار تقریب میں مقامی کاشتکاروں، اسٹال ہولڈرز اور پاکستان بزنس کونسل شارجہ کو خصوصی شیلڈز پیش کی گئیں۔ پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی کو بھی ان کی کاوشوں کے اعتراف میں شیلڈ دی گئی۔ بعد ازاں ایک مقامی ہوٹل میں پاکستان بزنس کونسل شارجہ کی جانب سے ایوارڈ تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی جس میں اسپانسرز، صحافیوں، پاکستان بزنس کونسل عہدیداران اور سوشل میڈیا ایکٹیویسٹ کو شیلڈز اور اسناد پیش کی گئیں۔

اس موقع پر پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ یہ مینگو میلہ پاکستانی آموں کو مقامی منڈی میں متعارف کرانے، معیار کو اجاگر کرنے اور برآمدات میں اضافے کے لیے بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ انہوں نے پاکستان بزنس کونسل شارجہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر ایس ایم طاہر، سید سلیم اختر، سلمان وصال، محمد عامر حسن اور خاور حسین سمیت دیگر ڈائریکٹرز مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے پہلی بار خورفکان مینگو میلہ میں شاندار شرکت کو ممکن بنایا اور پاکستانی آموں کی دھوم مچائی پاکستان بزنس کونسل شارجہ کے ڈائریکٹرز سید سلیم اختر ،سلمان وصال ،خاور حسین اور عامرحسن کا کہنا تھا کہ پاکستان بزنس کونسل شارجہ کے پلیٹ فارم سے آئندہ بھی ایسے شاندار ایونٹس کا حصہ بنیں گے جس سے پاکستان کا نام روشن ہواور ہماری برآمدات بڑھنے کا سبب بنے