جمعہ 04 جولائی 2025ء
دبئی (نمائندہ خصوصی) — انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 کرکٹ کے پاور پلے کے قانون میں اہم تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے، جس کا اطلاق آئندہ ماہ جولائی سے ہوگا۔
کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق نئے قانون کے تحت اب پاور پلے کے اوورز کو ہر میچ کے دستیاب اوورز کے حساب سے ترتیب دیا جائے گا۔ اگر میچ 20 اوورز کا مکمل ہوتا ہے تو پاور پلے روایتی طور پر ابتدائی 6 اوورز تک ہی محدود رہے گا۔
تاہم اگر کسی وجہ سے میچ کا دورانیہ کم کر دیا جائے — جیسے بارش یا کسی دوسری رکاوٹ کے باعث — تو پاور پلے بھی نئے فارمولے کے تحت طے ہوگا۔ مثلاً اگر اننگز 8 اوورز تک محدود ہو جائے تو پاور پلے 2.2 اوورز تک ہوگا، جب کہ 5 اوورز کے میچ میں پاور پلے صرف 1.3 اوورز کا ہوگا۔ اس دوران میدان میں صرف دو فیلڈر دائرے کے باہر رہ سکیں گے۔
نئے قانون کے تحت پاور پلے اوورز اب اننگز کے درمیان میں بھی شروع یا ختم ہو سکتے ہیں، جس سے بارش سے متاثرہ میچز میں کھیل کو مزید شفاف بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ آئی سی سی نے حال ہی میں ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ کے قوانین میں بھی تبدیلیاں کی تھیں، جن کا اطلاق پہلے ہی ہو چکا ہے۔
کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی سے مختصر دورانیے کے متاثرہ میچز میں کھیل کو منصفانہ بنانے میں مدد ملے گی اور ٹیموں کو اپنی حکمت عملی زیادہ بہتر طریقے سے ترتیب دینے کا موقع ملے گا