جمعہ 04 جولائی 2025ء
لاہور (نمائندہ خصوصی) — پنجاب اسمبلی کے اسپیکر ملک محمد احمد خان نے ایوان میں ہنگامہ آرائی اور شدید احتجاج پر اپوزیشن کے 26 ارکان اسمبلی کو معطل کر دیا ہے۔ معطل ارکان کو آئندہ 15 اجلاسوں میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔ اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق معطل ہونے والے ارکان میں میاں اعجاز شفیع، علی امتیاز وڑائچ، شیخ امتیاز سمیت دیگر ارکان شامل ہیں۔
معطل ارکان میں سے میاں اعجاز شفیع نے ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ پرامن احتجاج اپوزیشن کا آئینی اور جمہوری حق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ہماری رکنیت وزیر اعلیٰ مریم نواز کے کہنے پر معطل کی گئی، کسی صورت خاموش نہیں بیٹھیں گے۔‘‘ واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بجٹ کی منظوری کے بعد اسمبلی سے خطاب کیا تھا، جس دوران اپوزیشن ارکان نے شدید نعرے بازی اور احتجاج کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزرا بھی اپنی نشستوں سے اٹھ کر اپوزیشن ارکان کے سامنے کھڑے ہوگئے تھے۔
اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’علیمہ خانم نے خود کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان مائنس ہو چکے ہیں، جو نواز شریف کو مائنس کہتے تھے آج ان کی بہنیں انہیں خود مائنس کہہ رہی ہیں۔‘‘
مریم نواز نے مزید کہا کہ عمران خان کو کسی نے نہیں، ان کی اپنی کارکردگی نے مائنس کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو دعوت دیتی ہوں کہ وہ آخرکار ہمارے پاس ہی آئے گی۔ ایوان میں پیش آنے والے اس واقعے کے بعد اسپیکر نے کارروائی کرتے ہوئے 26 ارکان کو معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں