صفحہ اول - اردوJM
جمعہ 04 جولائی 2025ء
پاکستان

سپریم کورٹ: پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں دینے کا فیصلہ کالعدم قرار، نظرثانی اپیلیں منظور

جمعہ 04 جولائی 2025ء


سپریم کورٹ: پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں دینے کا فیصلہ کالعدم قرار، نظرثانی اپیلیں منظور

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) — سپریم کورٹ آف پاکستان نے مخصوص نشستوں سے متعلق اپنے سابقہ فیصلے کے خلاف دائر نظرثانی اپیلوں کو منظور کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مخصوص نشستیں دینے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا ہے۔

جمعے کے روز جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 12 رکنی آئینی بینچ نے مختصر فیصلہ سنایا، جس میں 12 جولائی 2024 کے اکثریتی فیصلے کو کالعدم قرار دیا گیا ہے۔ اس فیصلے میں کہا گیا تھا کہ فروری 2024 کے عام انتخابات کے نتیجے میں مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دی جائیں۔

بینچ نے سات پانچ کی اکثریت سے نظرثانی اپیلیں منظور کیں اور پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا۔ سپریم کورٹ کے مختصر فیصلے کے مطابق مخصوص نشستیں نہ تو پی ٹی آئی کو دی جا سکتی ہیں اور نہ ہی سنی اتحاد کونسل کو منتقل ہوں گی۔

اس عدالتی فیصلے کے بعد قومی اسمبلی کی 77 مخصوص نشستیں بحال ہو گئی ہیں۔ فیصلہ دینے والے جج صاحبان میں جسٹس امین الدین، جسٹس نعیم اختر افغان، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس شاہد بلال حسن، جسٹس عامر فاروق، جسٹس ہاشم کاکڑ اور جسٹس باقر نجفی شامل تھے، جنہوں نے تمام اپیلیں منظور کرنے کے حق میں فیصلہ دیا۔

جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس اظہر حسن رضوی نے فیصلے سے جزوی اختلاف کرتے ہوئے اپیلوں کو جزوی طور پر منظور کیا اور الیکشن کمیشن کو ہدایت دی کہ امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی کا دوبارہ جائزہ لیا جائے۔ عدالت عظمیٰ کی جانب سے تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا