صفحہ اول - اردوJM
جمعہ 04 جولائی 2025ء
تازہ ترین

عالمی کمپنیوں کی پاکستان منرلز فورم میں بھرپور دلچسپی، روس سے شراکت داری کے نئے امکانات روشن

جمعہ 04 جولائی 2025ء


عالمی کمپنیوں کی پاکستان منرلز فورم میں بھرپور دلچسپی، روس سے شراکت داری کے نئے امکانات روشن

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) — پاکستان کے وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کے حالیہ دورۂ روس کے دوران توانائی، معدنیات اور دیگر اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ روسی قیادت نے پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو مزید فروغ دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

دورے کے دوران وزیر پیٹرولیم نے روس کے نائب وزیر برائے قدرتی وسائل و ماحولیات ڈمٹری کوبلکن سمیت متعدد عالمی اقتصادی و توانائی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان کے معدنی وسائل، پالیسی اصلاحات اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع زیر بحث آئے۔

علی پرویز ملک نے ایک اعلیٰ سطحی پینل سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے معدنیات کے شعبے میں انقلابی نوعیت کی اصلاحات کی ہیں، جو بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار اور محفوظ ماحول فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت پاکستان سرمایہ کاروں کو شفاف پالیسی، سہولیات اور قانونی تحفظ کی یقین دہانی کروا رہی ہے۔

وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کوئلہ، تانبا، سونا، نِکل، لیتھیم اور دیگر قیمتی معدنیات کی وسیع ذخائر موجود ہیں، جنہیں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مؤثر انداز میں استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔ عالمی اداروں اور کمپنیوں نے پاکستان منرلز فورم میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے ملک میں براہِ راست سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ روس کے ساتھ توانائی اور معدنی شعبے میں تعاون سے نہ صرف باہمی اقتصادی روابط مضبوط ہوں گے بلکہ پاکستان کی صنعتی اور برآمدی صلاحیتوں کو بھی فروغ ملے گا