دبئی (جانب منزل نیوز) بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی میگا بجٹ فلم ’کنگ‘ کی موسیقی کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ معروف موسیقار انیرودھ روی چندر نے مصروف شیڈول کے باعث فلم کے مکمل میوزک البم سے علیحدگی اختیار کرلی، تاہم ان کا تیار کردہ خصوصی تھیم ٹریک فلم کا حصہ رہے گا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انیرودھ اور فلم کے ہدایت کار سدھارتھ آنند نے باہمی رضامندی سے یہ فیصلہ کیا۔ اب موسیقار جوڑی سچن جگر فلم کے گانوں اور بیک گراؤنڈ اسکور کی ذمہ داریاں سنبھالے گی۔ رپورٹس کے مطابق سچن جگر انیرودھ کے تیار کردہ تھیم ٹریک کو بھی فلم کی مجموعی موسیقی میں شامل کریں گے۔
فلم ’کنگ‘ میں شاہ رخ خان ایک بار پھر ہدایت کار سدھارتھ آنند کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ دونوں اس سے قبل کامیاب فلم ’پٹھان‘ میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔
فلم کی کاسٹ میں سہانا خان، دیپیکا پڈوکون، ابھیشیک بچن، انیل کپور، رانی مکھرجی، جیکی شروف، ارشد وارثی اور ابھے ورما بھی شامل ہیں۔ فلم میں سہانا خان پہلی مرتبہ بڑے پردے پر اپنے والد شاہ رخ خان کے ساتھ نظر آئیں گی۔
شاہ رخ خان اور دیپیکا پڈوکون کی جوڑی بھی فلم میں دوبارہ جلوہ گر ہوگی۔ ’کنگ‘ کی سینما گھروں میں نمائش 24 دسمبر 2026 کو کرسمس کی تعطیلات کے موقع پر متوقع ہے۔





