ریاض (جانب منزل نیوز) سعودی عرب کی عالمی تیل کمپنی آرامکو نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں اپنی سرمایہ کاری بڑھاتے ہوئے سرکاری اے آئی کمپنی ’’ہیومین‘‘ میں 49 فیصد حصص حاصل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت تقریباً 2.6 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سعودی عرب کے خودمختار سرمایہ کاری فنڈ (PIF) کے پاس کمپنی کے باقی 51 فیصد حصص برقرار رہیں گے۔
آرامکو اور پی آئی ایف کے مشترکہ اعلامیے کے مطابق یہ سرمایہ کاری ہیومین کی ترقی کو تیز کرنے اور مصنوعی ذہانت کی جدید صلاحیتوں کو عالمی سطح پر وسعت دینے میں معاون ثابت ہوگی۔
آرامکو رواں سال تقریباً 9.9 ارب سعودی ریال، یعنی 2.6 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ اے آئی، کمپیوٹنگ اور ڈیجیٹل اثاثے بھی کمپنی کو فراہم کرے گی۔
ہیومین نے 2030 تک تین گیگاواٹ صلاحیت کے مصنوعی ذہانت کے ڈیٹا سینٹرز قائم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ کمپنی جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، کلاؤڈ پلیٹ فارمز اور عربی زبان پر مبنی بڑے لسانی ماڈل (LLM) کی تیاری پر بھی کام کر رہی ہے۔
آرامکو کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر امین ایچ ناصر کے مطابق مصنوعی ذہانت نے 2023 سے اب تک کمپنی کے لیے ٹیکنالوجی سے متعلق 11.3 ارب ڈالر کی مالی قدر پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ معاہدہ سعودی عرب کی معیشت کو تیل پر انحصار سے نکال کر جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل معیشت اور مصنوعی ذہانت کے عالمی شعبوں میں آگے بڑھانے کی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے۔





