دبئی (جانب منزل نیوز)قونصلیٹ جنرل آف پاکستان، دبئی میں پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے ارکان کی بڑی تعداد اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان کے صدر، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم کے یوم آزادی کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ دبئی قونصل خانے سے جاری بیان کے مطابق مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے قونصل جنرل حسین محمد نے یو اے ای میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 14 اگست 1947 کو قائد اعظم محمد علی جناح کی متحرک قیادت میں دنیا کے نقشے پر سب سے بڑی مسلم ریاست کے طور پر معرض وجود میں آیا ۔
ہمارے آباؤ اجداد نے ایک آزاد ریاست کے قیام کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں جہاں ہم آزادی، وقار اور عزت نفس کے ساتھ رہ سکتے ہیں ۔پاکستان کے بانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے حسین محمد نے کہا کہ پاکستان میں چیلنجز پر قابو پانے کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان انتہائی خوشگوار اور برادرانہ تعلقات ہیں جو مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات مختلف شعبوں میں کام کرنے والے 17 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کا گھر ہے جنہوں نے اس ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ قونصل جنرل نے کہا کہ میں متحدہ عرب امارات میں مقیم تمام پاکستانیوں سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ میزبان ملک کے مقامی قوانین، اصولوں اور روایات کی پابندی کریں اور ان کا احترام کریں اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کریں۔تقریب کے دوران قومی نغمے بھی پیش کئے گئے۔