ابو ظہبی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات میں پاکستان کےسفیرفیصل نیاز ترمذی نے متحدہ عرب امارات کے وزیر انسانی وسائل و اماراتی امور ڈاکٹر عبدالرحمن عبدالمنان الاوار سے ملاقات کی۔ ابوظہبی میں پاکستانی سفارتخانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی اور انسانی وسائل کی ترقی چودھری سالک حسین کی جانب سے ڈاکٹر عبدالرحمن عبدالمنان الاوار کو خیرسگالی اور شکریہ کے پیغام پہنچائے۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص ان مسائل پر جو متحدہ عرب امارات میں مختلف شعبوں میں کام کرنے والے پاکستانیوں سے متعلق تھے ، پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سفیر فیصل ترمذی نے پاکستان پر ایک برادر اور دوستانہ ملک کے طور پر بھرپور اعتماد کے اظہار پر ر امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے امارات کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے تقریباً 1.7 ملین پاکستانیوں کی میزبانی کی ہوئی ہے جو اپنی فیملیز اور ملک کی مدد کرتے ہوئے ترسیلات زر بھیج رہے ہیں۔فریقین نے امارات کی ترقی میں پاکستانیوں کے اہم کردار اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے بے پناہ امکانات پر زور دیا۔
متحدہ عرب امارات میں ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے ملاقات میں ویزا پروسیسنگ، اسکریننگ، دستاویزات کی تصدیق وغیرہ میں باہمی تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔وزیر برائے انسانی وسائل اور اماراتی امورنے ویزا سے متعلق خدمات کو مربوط کرنے میں ہر ممکن مدد کی پیشکش کی، خاص طور پر جدید ترین تکنیکی طریقوں کے اشتراک کو جس سے انسانی مداخلت کم ہو اور شفافیت یقینی ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی امارات کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے اور دونوں فریق مل کر درپیش چیلنجز کا حل نکالیں گے ۔
سفیر فیصل نیاز ترمذی نے پاکستانی کارکنوں کے لئے صحت بیمہ پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں فریق مل کر مسائل کا حل نکالیں گے اور کارکنوں کو صحت بیمہ اسکیموں کا انتخاب کرنے کی ترغیب دیں گے۔ملاقات میں دونوں طرف سے سینئر عہدیدار بھی شریک تھے۔