راجستھان : بھارت میں لڑاکا طیارہ مگ-21 پرواز کے دوران ایک گھر پر گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق بھارتی ریاست راجستھان میں پولیس افسر سدھیر چوہدری نے بتایا کہ مگ 21 طیارہ ایک گھر پر گر گیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہوگئے تاہم پائلٹ کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
بھارتی ایئر فورس (آئی اے ایف) نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پائلٹ باہر نکل گیا تھا۔
آئی اے ایف نے ٹوئٹ میں بتایا کہ بھارتی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ مگ-21 معمول کی تربیتی پرواز کے دوران کریش کر گیا۔
ٹوئٹ میں مزید کہا گیا کہ پائلٹ بحفاظت نکلنے میں کامیاب رہا، تاہم اسے معمولی نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں، حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے (4 مئی 2023) کو بھارت کے فوجی ہیلی کاپٹر کی مقبوضہ کشمیر کے علاقے کشتوار میں ’ہنگامی لینڈنگ‘ کی وجہ سے دو پائلٹ اور ایک ٹیکنیشن زخمی ہوگئے تھے۔
بھارتی خبر رساں ایجنسی ’اے این آئی‘ کے مطابق بھارتی فوج کے ہیلی کاپٹر نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے کشتوار میں ہنگامی لینڈنگ کی جس کی وجہ سے دو پائلٹ اور ایک ٹیکنیشن زخمی ہوگئے جن کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے ادھم پور میں کمانڈ ہسپتال منتقل کیا گیا۔