دبئی (جانب منزل نیوز) عریبیہ ٹیکسی جو کہ شیخ ماجد بن حمد القاسمی کی ملکیت والے اکنامک گروپ ہولڈنگز کا ذیلی ادارہ ہے نے دبئی کے ٹیکسی بیڑے میں ماڈل تھری کی 269 ٹیسلا الیکٹرک کاریں شامل کرلی ہیں۔ ٹیسلا موٹرز دبئی کے ساتھ خصوصی معاہدے پر دستخط کردیے گئے ۔جس کے بعد گزشتہ ماہ اپریل میں یہ کاریں سڑکوں پر آگئی ہیں۔ الیکٹرک کاریں فلیٹ میں شامل کرنے کا مقصد دبئی میں روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی حکمت عملی کے مطابق دبئی میں ٹیکسی گاڑیوں (دبئی ٹیکسی اور فرنچائز کمپنیوں) کو 2027 تک 100 فیصد ماحول دوست (ہائبرڈ، الیکٹرک اور ہائیڈروجن) گاڑیوں میں تبدیل کرنا ہے۔
عربیہ ٹیکسی متحدہ عرب امارات میں نجی ٹیکسی گاڑیوں کے سب سے بڑے بیڑے کا مالک ہے۔ اس کے بیڑے میں تقریباً 6000 ٹیکسی گاڑیاں شامل ہیں۔ یہ نئی 269 گاڑیاں کمپنی کے بیڑے کو مکمل طور پر الیکٹرک اور کاربن فری گاڑی میں تبدیل کرنے کی طرف ایک بڑی پیش رفت ہیں۔
اکنامک گروپ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین شیخ ماجد بن حمد القاسمی نے اس موقع پر کہا کہ کمپنی نے اس شعبے میں قابل ذکر پیش رفت کی ہے کیونکہ دبئی کے بیڑے میں اس وقت 83 فیصد کاریں ماحول دوست ہائبرڈ کے ساتھ چل رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کمپنی باقی گاڑیوں کو مکمل طور پر الیکٹرک کاروں میں تبدیل کرنے کے لیے ایک اسٹریٹجک منصوبے پر کام کر رہی ہے، اور مستقبل میں ہائیڈروجن سے چلنے والی گاڑیوں کے استعمال کے امکان پر غور کر رہی ہے۔
شیخ ماجد کا کہنا تھا کہ ٹیسلا اور متعدد الیکٹرک کار مینوفیکچررز کے ساتھ اپنے تعاون کو بڑھانے کا منتظر ہے تاکہ اپنے گاہکوں کو متنوع پائیدار اور ماحول دوست نقل و حرکت کے مواقع پیش کرے۔
القاسمی نے مزید کہا کہ کمپنی امید کرتی ہے کہ عوامی اور نجی ٹرانسپورٹ انڈسٹری کی تبدیلی کو پائیدار بنانے اور متحدہ عرب امارات اور پورے خطے میں تجارتی سرگرمیوں کے ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔