اسلام آباد (جانب منزل نیوز)متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں مارچ کے دوران ماہانہ بنیادوں پر26فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالے سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مارچ میں متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 407ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو فروری کے مقابلے میں 26فیصد زیادہ ہے۔ فروری میں یو اے ای میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 324ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔
گزشتہ سال مارچ کے مقابلے میں رواں سال مارچ میں یو اے ای میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں سالانہ بنیادوں پر22فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی مجموعی ترسیلات زر کا حجم 3.604ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 16فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مد ت میں یو اے ای میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 4.298ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔جاری مالی سال میں سمندر پار پاکستانیوں کی مجموعی ترسیلات زر کا حجم 20.527ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیاہے۔