کراچی (جانب منزل نیوز)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ معیشت اور دہشت گردی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔پاکستان انتہائی نازک موڑ سے گزر رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیر نے پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں مختلف کورسز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب میں آرمی چیف نے کیڈٹس کو پاکستان کی سمندری سرحدوں کے محافظ بننے پر مبارک باد دی اور کہا کہ ٹیکنالوجی کی ترقی کے باعث سمندری شعبہ مسلسل تبدیل ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری ٹائم ڈومین مسلسل بدل رہی ہے، وہی بحری افواج غالب ہوں گی جو جنگ کے جدید رجحانات سے ہم آہنگ ہوں گی۔مستقبل میں نیوی کاکردار انتہائی اہمیت کاحامل ہوگا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں انعامات تقسیم کیے۔ قائداعظم گولڈ میڈل لیفٹیننٹ کاشف عبدالقیوم کو دیا گیا۔ مڈشپ مین نوفل ملک کو بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملیر گیریژن کا بھی دورہ کیا اور یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر رکھی۔