دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی قانونی طریقہ سے بنکنک چینل سے زرمبادلہ پاکستان بجھوا کر ہنڈی ،حوالہ کی حوصلہ شکنی کریں ۔ اوورسیز پاکستانی اپنے ملک میں رئیل اسٹیٹ کی بجائے صنعت کاری کے شعبہ میں سرمایہ کاری کریں جس سے نہ صرف ملک روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے بلکہ نئی صنعتیں لگنے سے مختلف شعبوں میں پیداوار بھی ملک کی ترقی میں معاون ثابت ہوں گی۔
انہوں نے پاکستان قونصلیٹ دبئی میں یو اےای میں مقیم پاکستانی صحافیوں کے اعزاز میں منعقدہ عشائیے میں شرکت کے موقع پر جانب منزل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہم متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان تجارتی حجم کو بھی بڑھانے کے لئے کوشاں ہیں۔
پاکستان قونصلیٹ دبئی میں قونصلر جنرل پاکستان حسن افضل خاں اور پریس قونصلر شازیہ سراج کی جانب سے پاکستانی صحافیوں کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا جس میں سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے خصوصی شرکت کی جبکہ ڈپٹی قونصل جنرل گیان چند ،قونصلر سلیم سلطان سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سفیر پاکستان نے تقریب میں خطاب میں کہا کہ پاکستانی صحافی بیرون ملک پاکستان کا مثبت امیج بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔