دوحہ (جانب منزل نیوز) دفاعی چیمپئن فرانس نے مراکش کو دو صفر سے شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا جہاں اس کا مقابلہ اتوار کو ارجنٹائن سے ہوگا۔
البیت فٹبال اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے سیمی فائنل کیآغاز پر مراکشی ٹیم کامیدان میں داخل ہونے پر زبردست استقبا ل کیا گیا۔ شائقین نے اپنی سیٹوں سے کھڑے ہوکر استقبال کیا۔
فرانسیسی ٹیم نے کھیل کے آغاز ہی میں جارحانہ رویہ اختیار کیا اور میچ کے پانچویں منٹ ہی میں تھیو ہرنینڈز نے پہلا گول داغ کر اپنی ٹیم کو برتری دلادی۔ مراکشی ٹیم نے گول کرنے کے کئی مواقع ضائع کئے۔
مراکش کی ٹیم نے دونوں ہاف میں بہتر کھیل پیش کیا اور گیند پر مراکشی کھلاڑیوں کی پزیشن کا تناسب 61فیصد رہا۔ پہلے ہاف میں فرانس کو ایک صفر کی برتری رہی، دوسرے ہاف کے آغاز میں مراکش نے پہلے کے مقابلے میں زیادہ جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور مخالف ٹیم پر تابڑ توڑ حملے کئے جسے فرانسیسی گول کیپر اورڈیفنڈر ز نے ناکام بنادیا۔
فرانس کی جانب سے 79ویں منٹ میں دوسرا گول رانڈل کولو ماونی نے کرکے اپنی کی برتری دگنی کردی، میچ کے اضافی منٹس میں بھی مراکش نے گول کرنے کے کئی مواقع ضائع کئے۔
فرانس اورارجنٹائن دونوں نے دودوبار ورلڈ کپ فٹ بال فائنل جیتا ہواہے لیکن اگر فرانس نے میدان مار لیا تو گزشتہ ساٹھ سال میں لگاتار دو ورلڈ کپ جیتنے والی پہلی ٹیم بن جائے گی۔ اس سے قبل برازیل نے دوبارمسلسل 1958 اور 1962 میں لگاتار دو ورلڈ کپ جیت کریہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔