دبئی (جانب منزل نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن مڈل ایسٹ کے صدر اور رکن قومی اسمبلی چودھری احسان الحق باجوہ نے کہا ہے مسلم لیگ ن اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کا شاندار استقبال کرکے ایک نئی تاریخ رقم کرے گی اور آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن بھر پور انداز میں میدان اترے گی۔جھوٹے پروپیگنڈا اور جعلی بیانیہ کو شکست دیں گے۔
انہوں نے دبئی میں مسلم لیگ ن یو اے ای کے مرکزی نائب صدر محمد شہزاد بٹ اور پاکستان مسلم لیگ ن دبئی کے چئیرمین سہیل عامر گھمن ایڈووکیٹ سے ملاقات کے دوران کہا مسلم لیگ ن اوورسیز کی تمام تنظیم بالخصوص مسلم لیگ ن مڈل ایسٹ کو فعال بنایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی آئندہ عام انتخابات میں اپنا عملی کردار ادا کر سکیں۔ مسلم لیگ ن اووسیز پاکستانیوں کو اسمبلیوں میں نمائندگی دینے کے لئے مخصوص نشستوں کی طرز پر کام کر رہی ہے۔
اس موقع پر محمد شہزاد بٹ اور سہیل عامر گھمن نے کہا کہ مسلم لیگ ن۔ یو اے ای بھی آئندہ عام انتخابات کے لئے اپنی پوری تیاری کے ساتھ اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کے شانہ نشانہ کھڑی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ عوام اب یو ٹرن خاں کی اصل حقیقت جان چکے ہیں۔ مسلم لیگ ن عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے گزشتہ حکومت کی نااہلی اور نالائقی کو درست کرنے پر لگے ہوئے ہیں انشاء اللہ مشکلات پر قابو پا کر عوام کو ریلیف دیں گے۔