کراچی (جانب منزل نیوز)اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ سعودی فنڈ فار ڈیولپمنٹ (ایس ڈی ایف) نے پاکستان کو دی گئی 3 ارب ڈالر ڈپازٹ کی سہولت میں توسیع کردی۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سعودی بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کی ہدایات پر اس فیصلے پر عمل کیا گیا۔ 3 ارب ڈالر کی رقم 5 دسمبر 2022 کو واپس کرنا تھی، جس کی مدت کو ایک سال کے لیے بڑھا دیا گیا ہے۔
ایس بی پی نے کہا تھا کہ یہ ڈپازٹس اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس رکھے جاتے ہیں اور یہ غیر ملکی زرمبادلہ کا حصہ ہوتے ہیں۔مزید بتایا گیا تھا کہ یہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مسلسل مضبوط اور خصوصی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
خیال رہے کہ 24 مئی 2022 کو سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد الجدعان نے کہا تھا کہ پاکستان کو دی گئی 3 ارب ڈالر کی سہولت میں توسیع کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔
خبر ایجنسی ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق ڈیووس میں جاری عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس کے دوران غیر رسمی ملاقات میں سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد الجدعان نے کہا تھا کہ ’ہم اس وقت پاکستان کو 3 ارب ڈالر ڈپازٹ میں توسیع کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔سعودی عرب نے گزشتہ برس پاکستان کے اسٹیٹ بینک میں 3 ارب ڈالر ڈپازٹ کیے تھے تاکہ پاکستان کے قومی ذخائر میں مدد ملے۔