میلبرن (جانب منزل نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے کیلئے سڈنی سے میلبرن پہنچ گئی ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم سڈنی سے میلبرن کیلئے روانہ ہوئی تو کھلاڑیوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھری ہوئی نظر آئی اور کھلاڑیوں کا مورال کافی بلند دکھائی دے رہا تھا۔
روانگی سے قبل سڈنی ہوٹلز میں پاکستانی فینز نے کھلاڑیوں میں پھول تقسیم کئے، ٹیم بس کی جانب جاتے ہوئے ہر کھلاڑی کے ہاتھ میں پھول موجود تھا۔
کپتان بابر اعظم کافی پیتے ہوئے ٹیم بس کی جانب روانہ ہوئے جبکہ محمد رضوان ٹیم بس میں داخل ہوئے تو ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھ گئے اور مسکراتے ہوئے کچھ دیر بعد اپنی سیٹ کی جانب روانہ ہوگئے۔
نسیم شاہ اور محمد وسیم جونئیر کے بیگ اوور ویٹ ہوگئے، آسٹریلیا میں ڈومیسٹک فلائٹ میں بیگ کا وزن 23 کے جی سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے لیکن دونوں کھلاڑیوں کے بیگ کا وزن 40 کے جی تھا، دونوں کو وزن دوسرے بیگ میں تقسیم کرنے کا کہا گیا۔
روانگی کہ وقت اوور ویٹ پر دونوں کھلاڑی پریشان ہوگئے دونوں ہوٹل میں جاکر تھیلا نما بیگ لے آئے جس میں اپنے وزن کو تقسیم کیا۔
واضح رہے کہ بدھ کو ہونے والے سیمی فائنل پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹ سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔ اب پاکستان کا فائنل میں مقابلہ دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم بھارت یا انگلینڈ سے ہوگا۔