کراچی: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مستحکم معاشی اور مالیاتی پالیسیوں کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ موجودہ حکومت نے اپنے عملی پالیسی فیصلوں سے نہ صرف معیشت کے زوال کو روکا ہے بلکہ درست سمت پر گامزن کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں پاکستان کی تمام بڑی فاریکس ایکسچینج کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ملاقات کے دوران وزیراعظم کے معاون خزانہ طارق باجوہ وزیراعظم کے معاون برائے محصولات طارق پاشا، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے سینئر افسران بھی موجودتھے۔
وزیر خزانہ نے ملک کی معاشی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنے عملی پالیسی فیصلوں سے نہ صرف زوال کو روکا ہے بلکہ معیشت کو درست سمت پر گامزن کیا ہے۔ وزیر خزانہ نے انہیں موجودہ حکومت کی ترجیحات سے بھی آگاہ کیا اور مستحکم معاشی اور مالیاتی پالیسیوں کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کے عزم کا اظہار کیا اور فاریکس کمپنیوں سے درخواست کی کہ وہ ملک کی بہتری کے لیے مناسب شرح مبادلہ کو یقینی بنائیں۔
پاکستان کی سرکردہ ایکسچینج کمپنیوں نے حکومت کی مالیاتی اور مالیاتی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور پاکستان کی معاشی اور مالیاتی مضبوطی کو یقینی بنانے کے لیے وزیر خزانہ سے مکمل تعاون کا عزم کیا۔