دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات نے لیبر قوانین میں تبدیلیاں کی ہیں۔ نجی شعبے میں ملازمت کرنے والوں کیلئے جاب کنٹریکٹ کی مدت ختم کردی ہے۔ پہلے مدت دو سے تین سال ہوتی تھی۔
اماراتی اخبار خلیج ٹائمز کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت نے نئی ہدایات جاری کی ہیں جس کے تحت نجی شعبے میں مقررہ مدت کے ملازمت کے معاہدوں پر دو اور تین سال کی حد کو ختم کردیا گیا ہے۔
نافذ ہونے والے نئے لیبر قوانین کے مطابق وزارت انسانی وسائل نے ایمپلائمنٹ ریلیشن شپ کے ضابطے کے حکم نامے میں تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔
نئے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ نئی ترامیم کے تحت ملازمت کے معاہدوں میں ایک متعین مدت کا احاطہ کرنا ضروری ہے تاہم قانون اب معاہدے کی مدت کی کوئی حد مقرر نہیں کرتا۔ معاہدے کی تجدید کی جاسکتی ہے اور یہ اسوقت تک درست رہے گا جب تک کہ آجر اور ملازم دونوں طے شدہ شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔
انسانی وسائل اور ایمرٹائزیشن کے وزیر ڈاکٹر عبدالرحمن العورا نے کہا کہ یہ تبدیلیاں مکانزم کا ایک جدید ماحولیاتی نظام تشکیل دیں گی جو لیبر مارکیٹ کی پیداواری صلاحیت،لچک اور کاروبارکرنے میں آسانی کو فروغ دے گی۔
ماہر قانون آشیش مہتا کا کہنا ہے کہ ملازمت کے معاہدے کے ویزا کی حیثیت کے ساتھ مطابقت پذیر ہوئے تھے۔ اس کا مطلب تھا کہ یہ معاہدے ویزوں کی دو اور تین سال کی میعاد تک محدود تھے۔