میلان(جانب منزل نیوز) مختلف ممالک نے باہمی اشتراک سے ایک ایسی جدید بادبانی کشتی ڈیزائن کر لی ہے جو پانی پر تقریباً اُڑتے ہوئے، تیز رفتاری سے آگے بڑھ سکے گی۔
’’پرسیکو ایف 70 ہائپربوٹ‘‘ نامی یہ کشتی پرسیکو میرین، کارکیک ڈیزائن پارٹنرز اور پینن فارینا ناٹیکا کے اشتراک سے ڈیزائن کی گئی ہے جس کی لمبائی 70 فٹ ہوگی۔
کشتی کو ہر ممکن حد تک کم وزن اور مضبوط بنانے کےلیے اس میں کاربن کمپوزٹ کہلانے والے مادّے کا بھرپور استعمال کیا گیا ہے۔بادبان (فوائلز) کھولے جانے پر یہ صرف 10 ناٹ (18.5 کلومیٹر فی گھنٹہ) کی رفتار سے چلنے والی ہوا پر ’’فل فلائٹ موڈ‘‘ میں آجائے گی۔
پرسیکو ایف 70 ہائپربوٹ میں بجلی سے چلنے والا انجن بھی نصب ہوگا لیکن وہ صرف شدید ضرورت پڑنے پر ہی استعمال کیا جائے گا۔
یہ کشتی تفریح کے علاوہ کشتیوں کی ریس میں بھی استعمال ہوسکے گی۔ اس پر لمبے بادبان نصب ہیں جنہیں ضرورت پڑنے پر کھولا اور بند کیا جاسکتا ہے۔
یہ تو معلوم نہیں کہ اس مرحلے پر کشتی کی رفتار کیا ہوگی، لیکن کمپنی پریس ریلیز میں اتنا ضرور بتایا گیا ہے کہ فل فلائٹ موڈ میں اس ’’ہائپربوٹ‘‘ کا بہت معمولی حصہ پانی کو چھو رہا ہوگا، یعنی یہ پانی پر اُڑتی ہوئی محسوس ہوگی۔
لمبائی کے مقابلے میں اس کی چوڑائی خاصی کم ہے لیکن پھر بھی اس کا اندرونی حصہ بہت کشادہ اور آرام دہ ہے جہاں عملے کے افراد آرام سے رہ سکیں گے۔
یہ کہنا زیادہ بہتر رہے گا کہ اکیسویں صدی کی اس بادبانی کشتی میں ڈیزائن کی خوبصورتی، ساخت کی پائیداری اور آب حرکیات (ہائیڈرو ڈائنامکس) کے قوانین بیک وقت سمو دیئے گئے ہیں۔