لاہور (جانب منزل نیوز) عالمی کرکٹ میلے کے دھماکہ خیز مقابلے جاری، پاکستان سپر 12 مرحلے کے 31 ویں مقابلے میں آج نمیبیا سے ٹکرائے گا، میچ رات 7 بجے شروع ہو گا۔ اس سے پہلے سہ پہر 3 بجے ساوتھ افریقہ اور بنگلہ دیش مد مقابل ہوں گے۔
تفصیلات کےمطابق ٹی20 ورلڈکپ میں ناقابل شکست رہنے والی ٹیم پاکستان نے آج نمیبیا کے خلاف میچ کی تیاریاں مکمل کر لیں، قومی ٹیم کے سٹار آل راؤنڈر شعیب ملک کا کہنا ہے کہ مسلسل فتوحات سے ٹیم کا مورال ہائی ہے۔
گزشتہ روز آئی سی سی اکیڈمی میں کھلاڑی اِن ایکشن ہوئے، دو روز آرام کرنے والے قومی کرکٹرز نے فیلڈنگ ڈرلز کے بعد نیٹ سیشن میں شرکت کی، تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک نے کہا کہ ایونٹ میں دبنگ انٹری اور پھر مسلسل فتوحات سے کپتان بابر اعظم سمیت کھلاڑی جیت کے لیے پرجوش ہیں۔