دبئی (جانب منزل نیوز )کبھی ایک تصویر ہزاروں الفاظ پر بھاری پڑ جاتی ہے، دبئی میں بھی ایک ایسی ہی تصویر نے عالمی سطح پر توجہ حاصل کرلی۔ بنگلہ دیشی فوٹوگرافر پینو رحمان نے حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم انٹرنیشنل فوٹوگرافی ایوارڈ کے پندرہویں ایڈیشن کا سب سے بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ انہیں 2 لاکھ امریکی ڈالر، تقریباً 7 لاکھ 34 ہزار درہم کی انعامی رقم دی گئی۔
دبئی کے میوزیم آف دی فیوچر میں 10 نومبر کو منعقدہ پروقار تقریب میں شیخ محمد بن راشد بن محمد بن راشد آل مکتوم نے پینو رحمان کو گرینڈ پرائز پیش کیا۔ تقریب دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم کی سرپرستی میں منعقد ہوئی، جس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے فوٹوگرافرز اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔
پینو رحمان کی کامیابی کے پیچھے ایک ایسی تصویر ہے جو انسانی جذبات، بے بسی اور امید کی بھرپور عکاسی کرتی ہے۔ ’’ایک ہی آسمان کے نیچے‘‘ کے عنوان سے بنائی گئی اس تصویر میں بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کی کورائل بستی میں آتش زدگی سے متاثرہ ایک خاندان کو اپنے تباہ شدہ گھر کی باقی ماندہ دیواروں کے درمیان ایک ساتھ سوتے دکھایا گیا ہے۔
یہ تصویر نومبر 2025 میں لگنے والی خوفناک آگ کے بعد بنائی گئی تھی، جس میں تقریباً 1500 مکانات تباہ یا متاثر ہوئے تھے۔ پانچ افراد پر مشتمل خاندان کی یہ تصویر اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہے کہ مشکلات کتنی ہی بڑی کیوں نہ ہوں، خاندانی محبت اور باہمی اتحاد انسان کو حوصلہ دیتے ہیں۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ پینو رحمان پیشے کے اعتبار سے ایک بینک کے سائبر سکیورٹی شعبے سے وابستہ ہیں، جبکہ فوٹوگرافی ان کا شوق ہے۔ وہ اس سے قبل بھی بین الاقوامی مقابلوں میں اعزازات حاصل کرچکے ہیں، تاہم دبئی میں گرینڈ پرائز جیتنے والے پہلے بنگلہ دیشی فوٹوگرافر بننے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔
رواں سال مقابلے کے مختلف شعبوں میں مجموعی طور پر 10 لاکھ امریکی ڈالر کے انعامات تقسیم کیے گئے۔ متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، کویت، فلسطین اور دیگر ممالک کے فوٹوگرافرز نے بھی نمایاں کامیابیاں سمیٹیں۔





