دبئی (جانب منزل نیوز ) روس کے سب سے بڑے مالیاتی ادارے ’’سبر‘‘ نے جدید بینکنگ اور مصنوعی ذہانت کے میدان میں نئی پیش رفت کی تیاری کرلی۔ ادارہ 12 نومبر 2026 کو اپنے 185ویں یومِ تاسیس کے موقع پر انویسٹر ڈے کے دوران 2027 سے 2029 تک کی نئی تین سالہ حکمت عملی پیش کرے گا۔
اس اہم تقریب میں سبر کی اعلیٰ قیادت گزشتہ تین برسوں کی کارکردگی، مستقبل کے کاروباری اہداف، مالیاتی منصوبہ بندی اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بینکنگ کے شعبے میں تبدیلیوں کا خاکہ پیش کرے گی۔
بینک کے چیف ایگزیکٹو ہرمن گریف سمیت اعلیٰ حکام نئی حکمت عملی کے اہم نکات سے سرمایہ کاروں کو آگاہ کریں گے۔ اس منصوبے میں مصنوعی ذہانت (AI) کو کاروباری ترقی اور ڈیجیٹل تبدیلی کا اہم محرک قرار دیا گیا ہے۔
سبر نے خلیجی خطے میں بھی اپنے قدم مضبوط کرنے کے لیے شراکت داریوں، ٹیکنالوجی ہبز اور تجارتی روابط کے فروغ پر کام تیز کردیا ہے، جبکہ متحدہ عرب امارات اس حکمت عملی کا خصوصی مرکز ہے۔
ادارہ اپنے جدید مصنوعی ذہانت کے پلیٹ فارم ’’گیگا چیٹ‘‘ کو مشرقِ وسطیٰ کی ثقافت، زبان، مقامی اصطلاحات اور قانونی تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کا ارادہ رکھتا ہے، جس سے خطے میں جدید ڈیجیٹل خدمات کے نئے امکانات پیدا ہوسکتے ہیں۔
سبر کی موجودہ 2024 سے 2026 کی حکمت عملی میں صارفین کو مرکز بنا کر کاروباری نظام کی تشکیل اور مصنوعی ذہانت کی ترقی پر توجہ دی گئی تھی۔ اب نئی حکمت عملی کے ذریعے بینک مستقبل کے مالیاتی اور تکنیکی اہداف متعین کرے گا۔
انویسٹر ڈے کے اختتام پر سوال و جواب کا خصوصی سیشن بھی ہوگا، جس میں ہرمن گریف سرمایہ کاروں کے سوالات کے جواب دیں گے۔ تقریب کی براہِ راست نشریات ادارے کی ویب سائٹ اور ٹیلی گرام چینل پر دیکھی جاسکیں گی۔





