دبئی(جانب منزل نیوز) دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں 30ویں عالمی نمائش "بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ 2026” میں پاکستان پویلین کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ہے قونصل جنرل آف پاکستان دبئی حسین محمد نے پویلین کا افتتاح کیا۔ تین روزہ عالمی نمائش 6 سے 8 اکتوبر تک جاری رہے گی۔
افتتاحی تقریب میں ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر علی زیب خان اور قونصلر محمد ہارون چوہدری سمیت بزنس کمیونٹی اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔ نمائش میں پاکستان کی نمائندگی اور شرکت ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی کے کمرشل سیکشن کے تعاون سے ممکن بنائی ہے۔
ٹی ڈی اے پی کے پلیٹ فارم تلے 4 ممتاز پاکستانی کمپنیاں اس عالمی نمائش میں حصہ لے رہی ہیں، جو بیوٹی، اسکن کیئر، ہیئر کیئر، کاسمیٹکس اور پرسنل کیئر آلات کے شعبوں میں پاکستان کی جدید مصنوعات عالمی خریداروں کے سامنے پیش کر رہی ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل حسین محمد نے کہا کہ پاکستان کی بیوٹی اور پرسنل کیئر انڈسٹری میں عالمی سطح پر مقابلے کی صلاحیت موجود ہے، خصوصاً اسکن کیئر، بیوٹی آلات اور کاسمیٹکس میں نجی شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ متحدہ عرب امارات پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے نہ صرف ایک بڑی اور اہم مارکیٹ ہے بلکہ مشرقِ وسطیٰ اور افریقی منڈیوں تک رسائی کا اسٹریٹجک گیٹ وے بھی ہے۔
ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر علی زیب خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یو اے ای کی بڑھتی ہوئی کاسمیٹکس اور پرسنل کیئر مارکیٹ پاکستانی مینوفیکچررز کے لیے سنہری مواقع پیش کرتی ہے۔ بیوٹی ورلڈ جیسے پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستانی کمپنیوں کو بین الاقوامی خریداروں سے نیٹ ورکنگ اور کاروباری معاہدو ں کا بہترین موقع ملتا ہے
"بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ 2026” میں دنیا بھر کے 70 سے زائد ممالک سے 1,400 سے زائد نمائش کنندگان شریک ہیں۔ اس نمائش میں عطر و خوشبوؤں، ہیئر اینڈ نیل کیئر، پرفیومری، بیوٹی ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ مشینری اور پیکیجنگ سے متعلق جدید ترین مصنوعات کی نمائش کی جا رہی ہے








