لاہور (جانب منزل نیوز)شہرت کی بلندیوں پر پہنچ کر بھی اپنے قدم زمین پر رکھنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں، پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے مقبول اداکار وہاج علی نے اپنی کامیابی کے باوجود سادگی اور عاجزی کو اپنی شخصیت کا حصہ بنا رکھا ہے۔ معروف اداکارہ امر خان نے ان کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے پناہ شہرت حاصل کرنے کے باوجود وہاج علی آج بھی پہلے جیسے عاجز اور خوش اخلاق انسان ہیں۔
ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے امر خان نے بتایا کہ وہ وہاج علی کو اس وقت سے جانتی ہیں جب دونوں نے شوبز انڈسٹری میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ ان کے مطابق گزشتہ چند برسوں میں وہاج علی نے مقبولیت کے کئی ریکارڈ قائم کیے اور ناظرین کے دلوں میں خاص مقام بنایا، لیکن ان کی شخصیت، اندازِ گفتگو اور رویے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
امر خان نے وہاج علی کی اداکاری کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ جس کردار کو انہوں نے اپنی فنکارانہ صلاحیتوں سے زندہ کیا، اسے شاید دوسرے اداکار بھی نبھا سکتے تھے، لیکن وہاج علی نے جس انداز اور مہارت سے اسے پیش کیا، اس کی مثال ملنا مشکل ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ مقبول ڈراموں سے ملنے والی شہرت نے وہاج علی کو مغرور نہیں بنایا، وہ کامیابی کو سر پر سوار نہیں کرتے اور ناکامی کو بھی دل پر نہیں لیتے۔ ان کی عاجزی اور زمین سے جڑے رہنے کا انداز آج بھی ویسا ہی ہے جو شوبز میں نئے آنے کے وقت تھا۔
واضح رہے کہ وہاج علی اور امر خان کی جوڑی ایک نجی ٹی وی کے ڈرامہ سیریل میں ناظرین کی توجہ حاصل کر رہی ہے، جبکہ اداکارہ ماہرہ خان بھی اس ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔





