کراچی (جانب منزل نیوز) سیاسی سرگرمیوں کے لیے متبادل مقام کی پیشکش، میئر مرتضیٰ وہاب نے ایم کیو ایم کو واضح پیغام دے دیا، کہا شاہراہ فیصل پر جلسہ نہیں ہوگا، شہر میں دوبارہ 12 مئی جیسے واقعات نہیں ہونے دیں گے۔
کراچی میں جلسے کے انعقاد کے معاملے پر میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے ایم کیو ایم کو مزار قائد سے متصل گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کی پیشکش کر دی۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہراہ فیصل پر کسی صورت جلسے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اگر سیاسی جماعت جلسہ کرنا چاہتی ہے تو اس کے لیے متبادل مقام موجود ہے۔
چنیسر ٹاؤن میں ترقیاتی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے، شہر میں دوبارہ 12 مئی جیسے افسوسناک واقعات نہیں ہونے دیں گے۔
میئر کراچی نے بتایا کہ محمودآباد پولیس اسٹیشن سے چاندنی چوک تک 100 فٹ چوڑی سڑک کی بحالی اور بہتری کے منصوبے پر کام شروع کیا جا رہا ہے، جس پر 30 کروڑ 14 لاکھ 33 ہزار روپے سے زائد لاگت آئے گی۔ منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو آمدورفت میں آسانی ہوگی جبکہ نکاسی آب کے مسائل پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں سڑکوں، نکاسی آب اور بنیادی شہری سہولیات کی بہتری کے لیے ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ لیاری میں پانی کی فراہمی کے لیے نئی لائن پر کام کیا جائے گا جبکہ مچھر کالونی میں آر او پلانٹ کے قیام کے لیے ٹینڈرنگ کا عمل شروع ہونے جا رہا ہے۔





