دبئی (جانب منزل نیوز) دبئی کے مقامی چاکلیٹ برانڈ فکس ڈیزرٹ (FIX Dessert) نے عالمی سطح پر مقبولیت حاصل کرنے کے بعد ایک اور اہم کامیابی اپنے نام کرلی۔ دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے فکس ڈیزرٹ کو کاروباری منصوبوں کے شعبے میں دبئی اِٹ ایوارڈ (Dubai-it Award) کا فاتح قرار دے دیا۔
شیخ حمدان نے برانڈ کے بانیوں سارہ حمودہ اور یزن العانی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گھر سے شروع ہونے والے ایک چھوٹے کاروبار کو بین الاقوامی کامیابی میں تبدیل کردیا۔ ان کے مطابق دبئی اسٹائل چاکلیٹ کی فروخت میں ایک سال کے دوران 1,234 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ اس سے متاثر مصنوعات دنیا بھر کی مارکیٹوں اور 100 سے زائد ہوائی اڈوں پر فروخت ہورہی ہیں۔
فکس ڈیزرٹ (FIX Dessert) کو پستے کی کریم اور خستہ کنافہ سے بھری چاکلیٹ بارز کے باعث غیر معمولی شہرت ملی۔ سوشل میڈیا پر مقبول ہونے والی اس کی مشہور چاکلیٹ بار ’’کینٹ گیٹ کنافہ آف اِٹ‘‘ (Can’t Get Knafeh of It) نے دبئی چاکلیٹ کے عالمی رجحان کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
دبئی کے ایک گھریلو کچن سے شروع ہونے والا یہ کاروبار اب بین الاقوامی مارکیٹوں تک پہنچ چکا ہے۔ برانڈ کی مصنوعات سنگاپور کے چانگی ایئرپورٹ اور لندن کے معروف اسٹور ہیروڈز سمیت مختلف بین الاقوامی مقامات پر دستیاب ہیں۔
شیخ حمدان کے مطابق فکس ڈیزرٹ کی کامیابی اس بات کی مثال ہے کہ ایک منفرد خیال، محنت اور تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے مقامی کاروبار کو عالمی سطح پر کامیاب بنایا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ دبئی اِٹ ایوارڈ (Dubai-it Award) کا آغاز جون 2026 میں کیا گیا تھا۔ اس ایوارڈ کا مقصد ایسے افراد، کاروباروں اور اداروں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جو جدت، بہترین کارکردگی اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے اپنے خیالات کو عملی کامیابی میں تبدیل کرتے ہیں۔
فکس ڈیزرٹ کی کامیابی نے دبئی کے مقامی کاروبار کو عالمی سطح پر متعارف کرانے اور امارات کی تخلیقی کاروباری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔





