اسلام آباد (جانب منزل نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے فاؤنڈرز گروپ کے وفد نے ملاقات کی، جس میں ملکی معیشت کی صورتحال، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری میں اضافے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کاروباری برادری ملکی معیشت کی ترقی اور استحکام میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ حکومت نجی شعبے کے تعاون سے معاشی سرگرمیوں کو وسعت دینے اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
ملاقات کے دوران وفد نے کاروباری برادری کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے تجاویز وزیراعظم کے سامنے رکھیں۔ وفد کے ارکان نے حکومت کی معاشی پالیسیوں اور سرمایہ کار دوست اقدامات کو سراہا، جبکہ تجارت اور صنعت کے فروغ کے لیے حکومت اور کاروباری شعبے کے درمیان تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی بطور صدر لاہور چیمبر آف کامرس خدمات کا بھی تذکرہ کیا گیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک بھی موجود تھے۔
وفد میں میاں مصباح الرحمٰن، فاروق افتخار، شیخ محمد آصف، شہزاد ملک، الماس حیدر، شاہد حسن شیخ، عبدالباسط، میاں طارق مصباح، کاشف انور شیخ اور میاں خالد مصباح شامل تھے۔
ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کاروباری برادری اور حکومت کے درمیان مؤثر اشتراک سے سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے، صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور ملکی معیشت کو مزید مستحکم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔





