لاہور (جانب منزل نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن جیسے سینئر سیاستدان، جو خود دہشت گردی کا نشانہ بن چکے ہیں، ان سے دہشت گردی کی پشت پناہی کرنے والوں کی حمایت کی توقع نہیں تھی۔
اپنے بیان میں مریم نواز شریف نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں نااہلی، نالائقی اور کرپشن کے ذمہ داروں کو جواب دہ ٹھہرانے کے بجائے ان کی حمایت میں بات کرنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جن کی حمایت میں بیانات دیے جا رہے ہیں، کیا وہ گزشتہ 13 سال میں کسی شہید کے جنازے میں شریک ہوئے
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے قیمتی وسائل احتجاج اور دھرنوں پر خرچ کیے گئے، جبکہ صوبے کے عوام کو دہشت گردی اور بدانتظامی کے سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
مریم نواز نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے افسر اور جوان قربانیاں دے رہے ہیں، ہر روز فوجی جوانوں کی شہادتیں خاندانوں کو غمزدہ کر رہی ہیں۔ شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور فوج کے ساتھ کھڑے ہونے کے بجائے دہشت گردی کے خاتمے کی راہ میں رکاوٹ بننے والوں کی حمایت کرنا مناسب نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کی جماعت خود دہشت گردی کا نشانہ بن چکی ہے اور ان کے ساتھیوں نے بھی قربانیاں دی ہیں۔ ایسے میں دہشت گردی سے متاثر ہونے والوں کا مبینہ طور پر اس کی پشت پناہی کرنے والوں کے ساتھ کھڑا ہونا ان کی سمجھ سے بالاتر ہے۔





