دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں پاکستانی اور بھارتی فنکاروں کے اشتراک سے کامیڈی اور موسیقی کا بڑا میلہ سجنے جا رہا ہے۔ میگا شو ’’ملاپ‘‘ اتوار 18 اکتوبر کو شیخ راشد آڈیٹوریم، انڈین ہائی اسکول، عود میثا میں منعقد ہوگا، جس میں دونوں ممالک کے نامور فنکار اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
معروف بھارتی اداکارہ راکھی ساونت، پاکستانی کامیڈی اسٹار شکیل صدیقی اور رؤف لالا سمیت متعدد فنکار اس رنگا رنگ پروگرام کا حصہ ہوں گے۔ دیگر فنکاروں میں مست علی، عزیز ناصر، گلو دادا، اکبر تبر اور ماہم طاہر شامل ہیں، جبکہ پروگرام کے تشہیری مواد میں فیروز خان کا نام بھی شامل کیا گیا ہے۔
شو کے حوالے سے دبئی میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں راکھی ساونت، شکیل صدیقی اور دیگر فنکاروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے پاکستانی اور بھارتی فنکاروں کی مشترکہ پرفارمنس کو شو کی اہم خصوصیت قرار دیا گیا۔
منتظمین کے مطابق ’’ملاپ‘‘ کا مقصد فن، مزاح اور موسیقی کے ذریعے مختلف کمیونٹیز کو قریب لانا اور جنوبی ایشیائی فنکاروں کو مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ پروگرام میں مزاحیہ خاکے، برجستہ مکالمے، دلچسپ کردار اور موسیقی کی خصوصی پیشکشیں شائقین کی توجہ کا مرکز ہوں گی۔
شو کی ایک نمایاں پیشکش ملاپ ٹیبل فار لافٹر ہوگی، جس میں ریسٹورنٹ کے ماحول پر مبنی مزاحیہ کہانی اسٹیج پر پیش کی جائے گی۔ فنکار اپنے منفرد کرداروں اور مخصوص انداز سے حاضرین کو محظوظ کریں گے۔
پاکستانی کامیڈی اسٹارز شکیل صدیقی اور رؤف لالا کی شرکت پروگرام کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے، جبکہ راکھی ساونت کی موجودگی بھی شائقین کے لیے خاص کشش ہوگی۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کے ذریعے تفریح کے ساتھ ثقافتی ہم آہنگی کو بھی فروغ دینے کی کوشش کی جائے گی۔





