صفحہ اول - اردوJM
بدھ 01 جولائی 2026ء
متحدہ عرب امارات

خورفکان مینگو فیسٹیول میں پاکستانی پویلین چھا گیا

بدھ 01 جولائی 2026ء


خورفکان مینگو فیسٹیول میں پاکستانی پویلین چھا گیا

شارجہ (خصوصی رپورٹ) متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ کے خوبصورت سیاحتی مقام خورفکان ایکسپو سینٹر میں منعقد ہونے والے پانچویں سالانہ مینگو فیسٹیول میں پاکستان بزنس کونسل شارجہ نے مسلسل دوسری مرتبہ شاندار شرکت کرتے ہوئے بہترین انتظامات، منفرد پیشکش اور پاکستانی ثقافت کی خوبصورت عکاسی سے حاضرین کے دل جیت لیے۔ تین روزہ بین الاقوامی مینگو فیسٹیول میں 19 ممالک نے شرکت کی، جبکہ 50 سے زائد اسٹالز پر آموں اور ان سے تیار کردہ مصنوعات کی نمائش کی گئی۔ دو سو سے زائد مقامی و بین الاقوامی نمائش کنندگان کی موجودگی کے باوجود پاکستانی پویلین اپنی منفرد سجاوٹ، اعلیٰ معیار کے آموں اور مثالی انتظامات کے باعث نمایاں رہا۔


پاکستانی پویلین کا افتتاح پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد اور ٹریڈ اینڈ انوسمنٹ قونصلر علی زیب خان نے کیا۔ اس موقع پر پاکستان بزنس کونسل شارجہ کے فرسٹ وائس چیئرمین سید سلیم اختر، کونسل کے  ڈائریکٹرز خاور حسین ،حاجی محمد یاسین ،ڈاکٹر نور الصباح اراکین اور پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ افتتاح کے بعد مہمانوں نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور پاکستانی پویلین کی بہترین ترتیب، خوبصورت سجاوٹ اور پیشہ ورانہ انتظامات کو بے حد سراہا۔


پاکستانی پویلین میں چونسہ، سندھڑی اور پاکستان کی دیگر معروف اقسام کے اعلیٰ معیار کے آموں کے علاوہ آم سے تیار کردہ قلفی، آئس کریم، جوس اور دیگر مصنوعات بھی پیش کی گئیں، جنہیں اماراتی شہریوں اور مختلف ممالک سے آئے ہوئے مہمانوں نے بے حد پسند کیا۔ پاکستانی آموں کی خوشبو، مٹھاس اور منفرد ذائقے نے غیر ملکی شرکاء کو بھی مسحور کر دیا، جبکہ متعدد زائرین نے پاکستانی زرعی پیداوار کے معیار کو عالمی سطح پر بہترین قرار دیا۔


میلے کے دوران پاکستانی پویلین پر غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا، جس نے نہ صرف پاکستانی آموں کی عالمی شہرت کو مزید اجاگر کیا بلکہ بیرونِ ملک پاکستان کے مثبت تشخص اور زرعی صلاحیتوں کو بھی مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کیا۔


پاکستان بزنس کونسل شارجہ کی اس کامیاب کاوش کو پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد، ٹریڈ کونسلر علی زیب خان، شارجہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور دیگر معزز شخصیات نے سراہا۔ برانچز مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر خلیل محمد المنصوری نے پاکستانی پویلین کو شریک ممالک کے پویلینز میں نمایاں، منظم اور بہترین قرار دیتے ہوئے خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا۔


اس کامیاب انعقاد میں پاکستان بزنس کونسل شارجہ کے فرسٹ وائس چیئرمین سید سلیم اختر کی قیادت میں ڈاکٹر نور الصباح، شفیق الرحمن، فراز صدیقی، فواد اسد، حاجی محمد یاسین، خاور حسین، میاں عمر ابراہیم، چوہدری خالد حسین، راشد الاسلام، محمد فاروق، ظہیر احمد، سلمان وصال، ساجد چیمہ، علی رافع، عامر حسین، ڈاکٹر عبداللہ سومرو اور ڈاکٹر ظفر طاہر نے بھرپور کردار ادا کیا، جبکہ ٹریڈ کونسلر علی زیب خان کی خصوصی دلچسپی، رہنمائی اور تعاون بھی اس کامیابی میں اہم ثابت ہوا۔


فیسٹیول کا آغاز روایتی اماراتی ثقافتی رقص سے ہوا، جس میں پاکستانی کمیونٹی نے بھی بھرپور شرکت کرتے ہوئے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوستی، محبت اور ثقافتی ہم آہنگی کا خوبصورت پیغام دیا۔تقریب کے اختتام پر پاکستان بزنس کونسل شارجہ کی جانب سے معزز مہمانوں، خصوصی شرکاء اور دیگر معززین کو پاکستانی آموں کے تحفے پیش کیے گئے۔
پاکستان بزنس کونسل شارجہ کی یہ کامیاب شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی جب اتحاد، محنت اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ قومی نمائندگی کرتے ہیں تو وہ نہ صرف پاکستان کا وقار بلند کرتے ہیں بلکہ دنیا بھر میں ملک کی مثبت، نرم اور روشن شناخت کو بھی مزید مستحکم بناتے ہیں۔